مارچ25, 2020
چین، اٹلی اور اسپین کے بعد امریکہ

اس وقت امریکہ
دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کی زد میں ہے
دو دن قبل 124،000 سے زیادہ متاثراور 2000 اموات ہوئیں
دنیا بھر میں
کیسوں کی تعداد 600،000 اور 27،000 سے زیادہ اموات ہیں
انڈیا اور جنوبی افریقہ نے جبری لاک ڈاون کروا دیا
کینیا ، قازقستان اور ہونڈور نے پہلی کورونا موت کی اطلاع دی
اسپین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 838 نئی اموات ہویئں
اتنی اداس کر دینے والی خبروں میں ایک خبر امید کی بھی تھی
چین کے ووہان انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی میں ایک نئی مشین بنی ہے
جو گلے کی بجائے ناک کی رطوبت سے کورونا ٹیسٹ کر سکتی ہے
آسانیاں تقسیم کرنا بھلا ہر ایک کے بس میں کہاں
ووہان سے میری محبت یونہی نہیں
میں مسکرا رہی ہوں ۔۔۔۔بہت دنوں بعد مسکرائی ہوں
شکریہ ووہان
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭
مارچ26, 2020
مجھے آپ سب چاہیئں

بہت دنوں بعد
لندن سے میری بھابھی نادیہ کا واٹس اپ پر میسج تھا
” پلیز مجھے کال کیجئے “
یا اللہ خیر ۔نادیہ تو لکھا کرتی تھی
” جب وقت ہو پلیز مجھے کال کیجئے گا ”
لفظوں کے کمی بیشی میں کتنی تشویش چھپی ہوتی ہے
کال ملائی ۔۔۔۔۔ جیسے نادیہ منتظر ہی تھی
اس نے بتایا ۔۔۔۔۔ میرا بھائی شاہد دو ہفتوں سے بیمار ہے
تیز بخار، خشک کھانسی اور جسم میں بہت درد ہے
ڈاکٹر کو فون پر بتایا ہے (ٹیلی ہیلتھ) اور اس نے کہا ہے
گھر رہو
اپنے کمرے تک رہو
پیناڈول اور کھانسی کا شربت لو
لیکن دو ہفتے ہونے کو آئے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔آرام نہیں آیا
میرے خدا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اور نادیہ تم نے اب بتایا
میں جانتی ہوں ۔۔
یہ خفگی کا وقت نہیں پر میرا بھائی تکلیف میں ہے
میں بھی بھلا سڈنی سے سوائے تسلی کے کیا کر سکونگی
شہزاد ، افضال ، جاوید، عاصم اور نزہت بھی بے بس ہیں
ادھر لاہور میں دلشاد تڑپ کر رہ گئی ہے ۔۔۔۔۔
ہائے اس کورونا نے تو دکھ سکھ کی روایات ہی بدل ڈالیں
امی ابا جی کے جانے کے بعد
ہم بہن بھائی ہلکی سی آہٹ پر بھی ڈر جاتے ہیں
زور زور سے ایکدوسرے کو مدد کے لئے پکار بیٹھتے ہیں
یہاں تو شاہد کی بیماری کورونا لگ رہی ہے
ہم سب کیسے نہ ڈرتے ۔۔ پر ہم سب بے بس ہیں
نادیہ نے میری ہدایت پر ڈاکٹر کو ایک بار پھر فون پر بتایا
شاہد کے لئے اینٹی بایئوٹک بھی بے اثر ہوئی ہے
ڈاکٹر کا مشورہ اپنی جگہ کہ وائرس اپنی مدت پوری کر کے جائے گا
پر ہم اپنی محبتوں اور فکر کا کیا کریں ۔۔۔ کچھ تو اچھا ہو
نادیہ تم یوں کرو شاہد کو ایسٹ ہیم ہوسپٹل لے جاؤ
ہم سب بہن بھائی امی ابا جی کو یاد کر رہے ہیں
دعاؤں میں اپنی بھائی کی صحت اور زندگی مانگ رہے ہیں
معجزے اب کیوں نہیں ہوتے رو رو کر خدا سے پوچھ رہے ہیں
کیسا امتحان ہے ۔۔یا رب
بہن بھائی جو پاس ہیں وہ تک مدد کو نہیں پہنچ سکتے ہیں
سخت ترین لاک ڈاؤن میں ہم سب بےبس اورمجبور ہیں
ہوسپٹل والوں نے شاہد کو واپس گھر بھیج دیا اور آرام کا مشورہ دیا
ڈاکٹر کا ٹیلی ہیلتھ سے دوبارہ رابطہ ہوا تو اس نے بتایا
شاہد کو کورونا وائرس کا انفیکشن ہے ۔۔
ابھی حالت ایسی نہیں کہ وینٹی لیٹر کی ضرورت ہو
کل ہوسپٹل سے اس لیئے گھر بھیجا گیا تھا
یا اللہ رحم ۔۔۔۔۔۔ میرا بھائی ہے۔۔۔ کرم میرے مالک
میں وڈیو پر شاہد کو دیکھ رہی تھی ۔
کمزور نحیف میرا بھائی
ایک جملہ بھی تو مکمل نہیں کہہ پا رہا تھا
تیز بخار اور کھانسی سے نڈھال شاہد کی خاموشی لرزا رہی ہے
نادیہ نے بتایا ۔۔۔۔۔
شاہد کے دوست فاروق بھائی کا فون آیا ہے
انہوں نے کسی ڈاکٹر نذیر احمد کا بتایا ہے کہ وہ کورونا کا علاج کر تے ہیں
اگر آپ کہیں تو ان سے بات کروں ۔۔۔ نادیہ نے مشورہ مانگا
پر مجھے یوں لگا جیسے تنکے کو سہارا مل رہا ہے
ڈاکٹر نذیر سے فون پر رابطہ ہوا ۔
۔انہوں نے جو کہا حیرت میں ڈال دیا
طب نبوی سے علاج بتایا
” سنا مکی ” کے پتوں کو ابال کر پانی میں شہد کے ساتھ ملا کر پینے کو کہا
اور خود دوا گھر کے دروازے کے پاس چھوڑ گئے
آج رات تک دوا کی دو خوارکیں شاہد لے چکا ہے
صد شکر ۔۔۔۔۔۔۔ اس کی طبعیت سنبھل رہی ہے
سحر تک بخار کا زور ٹوٹ چکا ہے ۔
کھانسی اور درد میں بھی آرام ہے
مجھے نہیں معلوم ۔ یہ کیسے ہوا ہے
دعا اور دوا دونوں جاری ہیں
مجھے اپنے رب کی شکر گزاری کرنی ہے جس نے دعاؤں کو مستجاب کیا
فاروق بھائی اور ڈاکٹر نذیر احمد کا شکریہ جو وسیلہ شفا ہوئے
یہ کیسا امتحان تھا یارب
جس سے ہم سب گھر والے اپنے اپنے گھروں میں ایک ساتھ گزرے
دل بے اختیار ہو رہا ہے ۔ رونا چاہتا ہے ۔۔ کچھ کرنا چاہتا ہے
دنیا پر چھائی بے بسی کی چادر کو نوچ دینا چاہتا ہے
دکھ ، افسردگی ، ڈیپریشن ، وہم ، ڈر ، خوف کو جان سے مار دینا چاہتا ہے
مجھے پہلی بار احساس ہوا ۔۔۔کہ ۔۔۔ میں یہ جنگ اکیلی نہ کر پاؤنگی
مجھے ان سب کو مارنے کے لئے آپ سب چاہیئے ہونگے
دنیا کی خوبصورتی
زندگی کی خوب سیرتی
بچانے کے لئے
مجھے آپ سب چاہیئں ۔۔۔۔۔ مجھے آپ سب چاہیئں
ڈاکٹر نگہت نسیم













