وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام اسکولوں میں مارچ 2021 میں پرائمری تک یکساں تعلیمی نصاب ہوگا اور تعلیمی زبان انگریزی نہیں ہوگی بلکہ اردو یا مادری زبان ہوگی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام ‘جرگہ’ میں بات کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ‘یکساں تعلیمی نظام کے لیے ہماری جستجو ہے لیکن اس تک پہنچنے کے لیے 25 سے 30 سال لگ سکتے ہیں لیکن ہم نے اپنے منشور کے مطابق ابتدا کررہے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا اس نظام میں ناانصافی ہے، کارپوریٹ، سرکاری اور عدالتوں کی زبان انگریزی ہے اور مقابلے کے امتحان انگریزی میں ہورہے ہیں۔

شفقت محمود نے کہا کہ مارچ 2021 میں ایلیٹ انگلش میڈیم، کم فیس والے نجی اسکول اور مدارس سمیت پاکستان کے تمام اسکولوں میں پہلی جماعت سے پرائمری تک یکساں تعلیمی نصاب نافذ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘تیاری کے لیے ہم نے سارے صوبوں کو شامل کیا اور قومی نصاب کونسل میں انگریزی اسکولوں کے لوگ، ماہرین تعلیم اور اتحاد تنظیم المدارس اور تمام مکاتب فکر کے لوگ شامل ہیں’۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے زبان کے حوالے سے واضح کیا ہے پہلے 5 برسوں میں میڈیم اردو یا مادری زبان ہوگی، اگر کسی کی مادری زبان انگریزی ہوتو وہ انگریزی میں پڑھ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو اجازت دی گئی ہے اور اگر ماضی کو دکھا جائے تو مجھے نظر آتا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں اردو ہوگی، سندھ کے چند علاقوں میں سندھی ہوگا تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے صوبوں سے کہا کہ اگر آپ مادری زبان میں پڑھانا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہییں ہوگا۔

شفقت محمود نے کہا کہ بتدریج کتاب بھی ایک ہوگی لیکن اس وقت ایسا ممکن نہیں ہے تاہم نصاب ہرجگہ ایک ہوگا۔

انہوں نے کہا ہم اس کے لیے ایک ایکٹ بنائیں گے اور ہر اسکول پر قانونی طور پر ایک نصاب لازمی ہوگا اور زبان اردو یا مادری زبان ہوگی جبکہ انگریزی نہیں ہوگی اور اس کا فیصلہ صوبے خود کریں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY