پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر انسانیت کی دھجیاں اڑا دیں، جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی حقوق کو روند ڈالا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات وادی نیلم میں آبادی پر کلسٹر بموں کا استعمال کیا۔
ترجمان کے مطابق بھارت نے آرٹلری کا کلسٹر بم پھینکا جو بچوں، خواتین اور معصوم شہریوں پر گرا، چار سالہ بچے سمیت 2شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رواں سال بھارت نے 1824 بار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی سے 16 افراد شہید اور 105 زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق کلسٹر کنونشن کے تحت کلسٹر ایمونیشن کا سویلین آبادیوں پر استعمال ممنوع ہے، عالمی برادری بھارتی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔












