جرمن دارالحکومت برلن میں حملے کے مبینہ ذمے دار انیس عامری نے پولستانی ٹرک ڈرائیور اور ایک اطالوی پولیس افسر پر فائرنگ کے لیے ایک ہی ہتھیار استعمال کیا تھا۔ اطالوی پولیس کے مطابق یہ بات اس ہتھیار کے خصوصی تکنیکی معائنے کے بعد پتہ چلی۔
انیس عامری کی جانب سے حملے کے لیے استعمال کیے جانے والے ٹرک سے پولینڈ سے تعلق رکھنے والے اس کے اصل ڈرائیور کی لاش ملی تھی۔ برلن کی ایک کرسمس مارکیٹ پر کیے جانے والے اس حملے میں بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دوسری جانب ایسے شواہد بھی سامنے آ رہے ہیں کہ انیس عامری کس حد تک خطرناک ثابت ہو سکتا تھا، اس بارے میں جرمن پولیس نے غلط اندازے لگائے تھے۔













