پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، صرف دو ماہ کے دوران کیسز کی تعداد تقریباً 90 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اپریل تک ملک بھر میں کیسز کی تعداد 30 ہزار کے قریب تھی جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد انہوں نے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ جمعرات سے طبیعت خراب ہے، جسم میں درد ہے۔ بدقسمتی سے میرا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ قوم سے دعائے صحت کی اپیل ہے۔












