محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

0
616

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، آل راؤنڈر اور پروفیسر کے نام سے مشہور محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

محمد حفیظ نے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حفیظ نے کہا کہ انہوں نے 18 سال قبل ایک خوب صورت سفر کا آغاز کیا تھا اور وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کے مشکور ہیں۔

محمد حیفظ نے کہا کہ وہ اپنے تمام مداحوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں ہمیشہ سپورٹ کیا۔

خیال رہے کہ محمد حفیظ سال 2018 میں پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے تھے اور اب انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔

اکتالیس سالہ محمد حفیظ نے سال 2003 میں زمبابوے کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا اور 18 سال کے عرصے میں انہوں نے 55 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین ہزار 625 رنز اسکور کیے اور 53 وکٹیں لیں۔ ان کے ٹیسٹ کریئر میں 10 سینچریاں اور 12 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

انہوں نے 218 ایک روزہ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور ون ڈے انٹرنیشنل میں 6 ہزار 614 رنز اسکور کیے جس میں 11 سینچریاں اور 38 نصف سینچریاں شامل ہیں۔

حفیظ نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی آف اسپن بالنگ سے 218 میچز میں 139 کھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا۔

محمد حفیظ نے پاکستان کی طرف سے 119 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی کھیلے جس میں انہوں نے دو ہزار 514 رنز بنائے۔ پاکستانی کرکٹر نے ٹی ٹوئنٹی میں 14 نصف سینچریاں بھی اسکور کی اور وہ اپنے کریئر میں 61 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

پاکستانی آل راؤنڈر نے آخری مرتبہ نومبر 2021 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

اس کے علاوہ تین پچاس اوورز اور چھ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جب کہ انہوں نے پاکستان کی طرف سے تین آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی بھی کھیلی ہیں۔

‘حفیظ نے کریئر بنانے کے لیے انتھک محنت کی’
پاکستانی آل راؤئنڈر کی ریٹائرمنٹ پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے کہا ہے کہ محمد حفیظ نے بھرپور انداز میں کرکٹ کھیلی۔

ان کے بقول محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ میں ایک طویل کریئر بنانے کے لیے انتھک محنت کی۔ پاکستان کرکٹ میں ان کی شاندار شراکت پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

SHARE

LEAVE A REPLY