پہلی گولی : عالمی اخبار کیلیئےمحبوب الٰہی بٹ کا تازہ افسانہ

0
956

اللہ رکھا ایک سادہ طبیعت نوجوان تھا اور ماں باپ کی آنکھوں کاتارا -وہ اکلوتا تھااور اس کے ماں باپ اس سے بہت محبت کرتے تھے کہ یہی ان کا مستقبل تھا-اللہ رکھاانتہائی ذہین طالبعلم تھاجو باقاعدگی سے سکول جاتا – فارغ وقت میں گھر کے کام کاج نمٹاتا – میٹرک میں اس نے اعلیٰ نمبرحاصل کئے تو اس کے والدین کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا – تاجی تو ہر کسی کو بتاتی کہ ”خیر سے میرے اللہ رکھے نے اعلیٰ نمبروں سے میٹرک پاس کیا ہے“ – اللہ رکھے کاوالد غلام حسین بھی بہت خوش تھا – غلام حسین کی خواہش تھی کہ اب اللہ رکھا کوئی نوکری کر لے لیکن اس کی والدہ تاجی کادو ٹوک فیصلہ تھا کہ اللہ رکھے کو مزید تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملنا چاہئیے – تاج نے جب اللہ رکھے کی تعلیم کے حق میں چند دلائل دئیے تو غلام حسین ہمیشہ کی طرح اس کے آگے ہار مان گیا – چاہتا غلام حسین بھی یہی تھا کہ اس کا بیٹا مزید تعلیم حاصل کرے – اللہ رکھے نے جب والدین کو یہ بتایا کہ وہ ڈاکٹر بننا چاہتا ہے تو اس کے ماں باپ بہت خوش ہوئے – اب اگلا مرحلہ اللہ رکھے کی پڑھائی اورکالج کی فیسوں کا تھا جس کےلئے رقم درکار تھی – تاہم تاج نے یہ مسئلہ بھی حل کر دیا جب اس نے اپنے جہیز کے زیورات میں سے چند چوڑیاں نکال کر فروخت کر دیں -غلام حسین نے اس پر ہلکا سا اعتراض بھی کیا لیکن تاج کی ایک ہی دلیل نے اس کو اپنی سوچ بدلنے پر مجبور کر دیا – ”غلامیاں! اللہ نے ایک ہی تو اولاد دی ہے – یہ زیورات اسی کےلئے ہی تو ہیں – اگر اس کی پڑھائی پر لگ جائیں گے تو کوئی بات نہیں – جب خیر سے اللہ رکھا ڈاکٹر بن جائے گا تو خود ہی خرید لے گا-“ غلام حسین پیار سے تاج کی طرف دیکھتا رہا اور مسکراتا رہا کہ بات تو تاجی درست ہی کر رہی تھی -اللہ رکھے کو جب یہ علم ہوا کہ اس کی پڑھائی کےلئے اس کی ماں نے اپنے جہیز والی سونے کی چوڑیاں بیچ دی ہیں تو اسے دکھ تو ہوا کہ ماں نے اپنا اثاثہ بھی بیچ دیا ہے لیکن ماں کی بات سن کر اسے یہ تسلی ہو گئی کہ اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا – تب اللہ رکھے نے ٹھان لی کہ وہ اپنے والدین کے خواب ہر صورت پورے کرے گا – اس نے ارادہ کیا کہ وہ محنت کرے گا اورڈاکٹر بن کر اپنے والدین کو سرخرو کرے گا-
کالج میںآتے ہی اللہ رکھے نے محنت کرنی شروع کر دی – استاد بھی اس کی ذہانت اور سوال کرنے کے طریقے سے بہت متاثر تھے – اسے کلاس میں ایک ممتاز حیثیت حاصل ہو گئی – وہ اپنے ساتھی طالبعلموں کی مدد بھی کرتا – مشکل سے مشکل سوال وہ منٹوں میں حل کر لیتا تھا – لڑکے بھی اس کی عزت کرتے اور ان کی خواہش ہوتی کہ اللہ رکھا ان کے ساتھ چائے پئیے اور کباب کھائے – اللہ رکھا کبھی یہ دعوت قبول کر لیتا اور کبھی نہ کرتا – گھر میں تاج اللہ رکھے کو دیکھ کر جیتی – غلام حسین بھی اللہ رکھے سے بہت خوش تھا – غلام حسین جب اپنا کام مکمل کر کے گھر آتا توکوئی فروٹ ضرورساتھ لاتا اور تاجی سے کہتا کہ یہ اللہ رکھے کےلئے ہے – رات کو سونے سے پہلے تاج ’اللہ رکھے کو گرم دودھ کا گلاس ضرور پلاتی جس پرملائی تیر رہی ہوتی –
O
دو بیورو کریٹ پریشان بیٹھے سوچ رہے تھے کہ ملک جس ”تباہی “کی طرف جا رہا ہے اسے کس طرح بچایا جائے – دراصل ان دونوں کو یہ ڈیوٹی کسی حکومتی اہلکار نے نہیں بلکہ فوج کے اعلیٰ افسروں کی طرف سے سونپی گئی تھی کہ وہ اس مسئلہ کاحل نکالیں جو چینی ‘ آٹے ‘ گیس اور بجلی کے بحران سے پیدا ہوئے ہیں- تاہم وہ پریشان تھے کہ اگر وہ ذمہ داری پوری نہ کرسکتے تو اعلیٰ افسران ان کوبے عزت کرتے –
”اس کےلئے بہت ضروری تو یہ ہے کہ ہم کوئی ایسا سکینڈل پیدا کریں جس سے عوام کی توجہ اس مسئلے سے ہٹ جائے “-حلیم خان نے سوچوں میں ڈوبے ہوئے ہی کہا
”یقینا یہی ایک راستہ ہے – ورنہ یہ گیس ‘ بجلی ‘ چینی اور آٹے کا بحران تو بڑھتا ہی جا رہا ہے “- احمد علی درانی نے کہا
”ادہر اخباروں والے بھی جھوٹی خبریںد ے رہے ہیں اور کئی ایسے ٹی وی چینل جن کا کوئی نڑی ڈٹا نہیں’ وہ کیسے بڑھ بڑھ کر خبریں دے رہے ہیں “- حلیم خان نے کہا
”جوخبریں اخبار دے رہے ہیں’ وہ ساری جھوٹی بھی تونہیںہیں – تم جانتے ہو کہ چینی اور آٹے کے سکینڈل میں ملوث ایک اعلیٰ حکومتی سیاستدان باغی ہو کرلندن جا بیٹھا ہے اور وزیر اعظم کوبلیک میل کر رہا ہے – آخر کچھ نہ کچھ تو سچائی ہے ناں ان خبروں میں “- درانی نے جھنجھلا کر کہا
”ارے درانی! میں نے کب کہا کہ ساری خبریں جھوٹی ہیں بلکہ اگر یہ کہوں کہ اخباروں اورٹی وی والوں کواس سے بڑے سچ کا ابھی علم ہی نہیں جو ہم جانتے ہیں بلکہ وہ توبس پانی میںمدھانی ڈالے ایک ہی کام کر رہے ہیں- بار بار وہی خبریںد ے رہے ہیں – سچ تو یہ ہے کہ بات ان خبروں سے بہت آگے جا چکی ہے لیکن اگران کی خبروں کے بارے نرمی برتی گئی تو پھر عوام اسی کوسچ مانیں گے ناں ؟“ حلیم خان نے کہا
”ظاہر ہے کہ لندن بھاگنے والا سیاستدان وزیر اعظم کے بہت قریب رہا ہے – اب وہ لندن میں اپوزیشن کے ساتھ رابطے میں ہے-اگرلندن کا کوئی پلان کامیابی ہو گیا تو پھر جرنیلوں کو کوئی نہ کوئی بہانہ کر کے موجودہ حکومت کو ختم کرنا ہی ہو گا- اور یہی جرنیلوں کا مسئلہ ہے کہ وہ اس حکومت کو چلتا نہیں کر سکتے “- درانی نے کہا
”لیکن ایک بات طے ہے کہ حکومت کسی کی بھی ہو جب تک ہم فوجیوں کو خوش رکھیں گے ’اس وقت تک ہمیں کوئی فرق نہیں پڑنے والا“- حلیم خان نے کہا
”کچھ ٹی وی چینل والوں کو ہم نے رقم دے کر خرید بھی لیا ہے کہ وہ خبروں کارخ آہستہ آہستہ اس طرح موڑیں کہ حکومت اس صورت حال کا سختی سے نوٹس لے رہی ہے اور اس کو تبدیل کر دے گی – دیکھیں کیا نتیجہ نکلتا ہے – کچھ’ سب اچھا ‘کی خبریں دیں گے اور کچھ انتشار کی – پھر عوام کے ذہن الجھ جائیں گے – وہ دو آراءکے درمیان ہی رہ کرایک دوسرے سے الجھیں گے “- درانی نے کہا
”یعنی نہ و ہ مریں گے اور نہ جئیں گے – بس اچھے دنوں کے آنے کی امید رکھیں گے “- حلیم خان نے ہنستے ہوئے کہا
”تم بڑے شیطان ہو جو بات نہیں کہنی ہوتی وہ بھی کہہ دیتے ہو“- درانی نے بھی جواباً ہنستے ہوئے کہا
”بہرحال میڈیا پر نظر رکھنے کی اشد ضرورت ہے “- حلیم خان نے کہا
O
”تم ابھی تک اس عوامی احتجاج کو روک نہیں سکے – تم کس مٹی کے بنے ہوئے ہو -ادہر تمہارا وزیر اعظم سرشام ہی پی پلا کر سو جاتا ہے – ملک بچانے کی ساری ذمہ داری فوج پر ہے – ایک طرف ملک کا دفاع کرو اور دوسری طرف امور مملکت بھی نمٹاﺅ“- جنرل صاحب نے بیوروکریٹوں کو ڈانٹ کر کہا –
”سر ہم کوشش کرر ہے ہیں – ابھی تک ہم نے کچھ ٹی وی چینلوں کے مالکان اور ان کے اینکروں سے بات کی ہے جو آہستہ آہستہ عوام کی رائے کو اس طرف موڑ رہے ہیں کہ حکومت اس صورت حال پر قابو پا لے گی اور سکینڈل میں ملوث لوگوں کو سخت سے سخت سزا دے گی – بس چند روز مزید انتظار کر لیں سر – انشاءاللہ مسئلہ حل ہو جائے گا“- احمد علی درانی نے ہمت کر کے بولتے ہوئے کہا
”مجھے رزلٹ چاہئیے – صرف رزلٹ !!!سنا تم نے ؟ میں صرف مثبت رزلٹ دیکھنا چاہتا ہوں – اگر یہ سب کچھ جاری رہا تو ہمیں عوام کے طوفان کو روکنے کےلئے وزیر اعظم کی قربانی دینی ہو گی جس کے ہم اس وقت متحمل نہیں ہو سکتے “-جنرل صاحب نے اپنی چھڑی میز پر مار کر کہا
” سر اگر اس سکینڈل میں چند ایک افرا کی گرفتاریاں ہو جاتیں تو اس سے عوام کاغصہ کچھ ٹھنڈا ہو جاتا “- اب کی بار حلیم خان نے ہمت کر کے کہا
”تم اچھی طرح جانتے ہو کہ ہم ایسا نہیں کر سکتے “- جنرل صاحب نے ایک دم غصے میںآتے ہوئے کہا -”اگر یہ سب کچھ کرنا ہوتا تو پھر تم کس لئے ہو- تم جانتے ہو کہ گیس‘بجلی ‘ چینی اور آٹے کا بحران پیدا کرنے والوں نے حکومت کےلئے سرمایہ کاری کر رکھی ہے – اگر انہیں گرفتار کر لیاگیا تو وہ سرمایہ کاری سے ہاتھ کھینچ لیں گے – آخر انہوں نے حکومت کو پیسہ دیا ہے تو پورا بھی کہیں ناں کہیں سے کریں گے -ہم چھوٹے بحران کو ختم کرنے کےلئے بڑا بحران پیدا نہیں کرسکتے – سنا تم نے ؟“
”سرآپ کی بات درست ہے لیکن میں نے بھی تو اس مسئلے کے حل کے طور پر ہی یہ تجویز پیش کی تھی کہ اگر دو نمبر قیادت میں سے چند ایک افراد کی گرفتاریاں ہو جائیں تو لوگوںکا غصہ ٹھنڈا ہوجاتا-اسی اثناءمیں ہم میڈیاکے ذریعے لوگوں کے ذہنوں کو اس طرف لگاتے کہ لوگ سچ کی تلاش میں ایک دوسرے سے گفتگو کریں – ایک دوسرے کے ساتھ بحث کریں اورپھر ایک دوسرے سے نفرت کرنے لگیں – جب لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بحثوںمیں لڑیں گے تو پھر ہمارا بوجھ کچھ کم ہو جائے گا“- درانی نے کسی حد تک اعتماد سے کہا
”تم ٹھیک کہتے ہو درانی – تم ٹھیک کہتے ہو لیکن گرفتار کس کو کروگے ؟ میں بتا چکا ہوں کہ اس وقت ہم سخت پیچیدگی میں پھنس گئے ہیں – ادہربجلی ‘گیس ‘ آٹا اور چینی سکینڈل میں ملوث شخص لندن میں جا کر بیٹھ گیا ہے اور بیمار اپوزیشن لیڈر کے ساتھ مل کر سازشوں کا جال پھیلا رہا ہے اور ادہر تم ہو کہ موقع کی نزاکت کو نہیں سمجھتے -میں کس طرح تمہیں سمجھاﺅں آخر؟“جنرل نے غصے سے ہاتھ مسلتے ہوئے کہا
”سر!آپ جانتے ہیں کہ بیوروکریٹوں نے ہمیشہ آپ کےلئے آسانیاں پیدا کی ہیں -آپ پریشان نہ ہوں – ہم مسئلے کا حل نکال لیں گے – یہ تو بہت چھوٹے مسئلے ہیں – ہم نے تو بہت بڑے مسائل کاحل نکالا ہے – ابھی ابتداءہے اور ابھی ہمیں عوام کے غصے کا رخ بھی درست طور پر معلوم نہیں ہے – آپ تو جانتے ہیں کہ ملک جب دو لخت ہوا تھا توبپھرے ہوئے لوگ جلوس نکال کر جرنیلوں کو مارنے آرہے تھے -جب ہم نے دیکھا کہ اس طوفان کو روکنا ہمارے اور آپ کے بس میں نہیں- قریب تھا کہ بپھرے ہوئے ہجوم جرنیلوں کی تکا بوٹی ایک کر دیتے ’ ہم نے فوری طور پر چندمذہبی راہنماﺅں کو خرید کر یہ شوشہ چھوڑ دیا کہ یہ جرنیل شراب پیتے تھے اور یہ فیصلے انہوںنے شراب کے نشے میں دھت ہو کر کئے ہیں اس لئے پہلے شراب کو ختم کرو کیونکہ شراب حرام ہے – پھر عوام کا مذہبی ذہن ان جرنیلوں کی طرف سے ہٹ کر شراب خانوں کی طرف چلا گیا – بپھرے ہوئے ہجوم نے ملک میں لائسنس یافتہ شراب خانوں کو آگ لگا دی – شراب خانوںکے مالکان نے اصل نقصان سے کئی سو گنا زیادہ پیسہ کمایا انشورنس کمپنیوں سے – سر فائلیں چیک کر کے دیکھیں کہ جس وقت فوج صورت حال کو قابو کرنے میں ناکام ہو چکی تھی – بیوروکریسی نے اس وقت بھی آپ کو مایوس نہیں کیا- پھر سر !سارے جرنیل محفوظ ہو گئے – انہیںنظر بندی کی آڑ میں ہم نے کوٹھیاں ‘ کاریں ‘بنگلے اورہرقسم کا تحفظ ’ حتیٰ کہ شراب و عورت کی سہولت سمیت سب کچھ نظر بندی میں فراہم کیا – کیا آپ یہ سارے احسانات بھول گئے ہیں ؟سر یہ بھی چیک کر لیں کہ شراب خانوں کو آگ لگنے میں انشورنس کمپنیوں سے مال کمانے والے پچانوے فیصد لوگوں کا تعلق فوج کے ساتھ تھا “ – درانی نے قدرے غصے سے تفصیل بیان کی
”لیکن مت بھولو درانی کہ فوج نے ہمیشہ بیوروکریٹوں کو ان کا حصہ دیا ہے – اگر پچانوے فیصد فوج کے لوگوںنے انشورنس سے پیسہ کمایا تھا تو اس دور کے بیوروکریٹوں کو بھی دیکھو کہ پندرہ سو روپے تنخواہ لینے والے ارب پتی کیسے ہو گئے ؟ تمہیں آئندہ بھی تمہارا حصہ ملے گالیکن اس مسئلے کو جلد حل کرو“- جنرل نے غراتے ہوئے کہا
”سر! میں نے کب انکار کیا ہے !! ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہم مل کر اس مسئلے کا حل نکالیں جو آپ کو اس وقت درپیش ہے “- درانی نے کہا
”تم ٹھیک کہتے ہودرانی ! اس مسئلے کا حل تمہیں نکالنا ہے -یہ ہمارا کام نہیں ہے – ہماراماٹو ہے ”ڈو اینڈ ڈائی“ – جتنا پیسہ چاہئیے لے لو ’ہم یہی کر سکتے ہیں “- جرنیل نے درانی کا کندھا تھپتھپاتے ہوئے کہا-
درانی جرنیل کا بھاری بھر کم ہاتھ کندھے پر لگنے سے خوفزدہ ہو گیا – دراصل جنرل صاحب چاہتے بھی یہی تھے کہ وہ کندھا تھپتھپا کر درانی کو اپنی طاقت کے بارے سمجھاسکیں –
O
اللہ رکھے کے اب تک کے امتحانات کے نتائج یہ تھے کہ وہ ہمیشہ کلاس میںفرسٹ آتا تھا – اب اس کے ایف ایس سی کے امتحانات ہونے والے تھے اور وہ ہمہ وقت پڑھائی میں مصروف رہتا تھا – اس کے ماں باپ اس کے آرام و سکون کا مکمل خیال رکھتے تھے – ان کی کوشش ہوتی کہ گھر میں شور بھی زیادہ نہ ہو تاکہ بچے کی پڑھائی پر کوئی اثر نہ پڑے – تاجی ہر وقت انتظار میں رہتی کہ کب اس کا بیٹا چائے یا روٹی مانگے – جونہی اللہ رکھے نے کوئی فرمائش کی تاجی نے فوری طور پر چیز حاضر کی – پھر امتحانات ختم ہو گئے – اس روز اللہ رکھا دیر تک سویا رہا کیونکہ اس کے ذہن سے امتحانات کا بوجھ اترا تھا – امتحانات سے فارغ ہو کر اللہ رکھا زیادہ تر مطالعہ کرتا – وہ بنیادی طور پر مذہبی ذہن رکھتا تھا اور پانچ وقت کی نماز پڑھتا تھا – اس کے والد بھی پکے نمازی تھے – ایک دن اسے مسجد میںہی چند نوجوان ملے جن کے چہروں پرداڑھیاں تھیں اور وہ پڑھائی کے ساتھ تبلیغ کرتے تھے – وہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طالبعلموں کو اپنی طلباءتنظیم میں شمولیت کی دعوت دیتے تھے – اس کےلئے وہ رٹی رٹائی تقریریں سناتے – نوجوان چونکہ جذباتی ہوتے ہیں اس لئے وہ ان کے جال میں آجاتے تھے – اللہ رکھا کے ساتھ جب ان کی ملاقات ہوئی تو اللہ رکھا کے مذہبی ذہن نے ان کے راستے کو اپنے لئے بہترین راستہ سمجھا – اوپر سے امام مسجد نے بھی اللہ رکھے کو اس بات پر زور دے کر کہا -”اللہ تعالیٰ نے تمہیں دنیاوی خوشیوں سے مالا مال کیا ہے – تم جلد ہی ڈاکٹر بن جاﺅگے – مخلوق خداکی خدمت کرو گے لیکن روز قیامت اللہ تعالیٰ تم سے تمہاری ڈاکٹر کی ڈگری کے بارے نہیں بلکہ اس بارے سوال کرے گا کہ تم نے اس کے دین کی سربلندی کےلئے کیا کیا – تم جیسے ہزاروں نوجوان اس تنظیم میںشامل ہو کر اللہ کی خوشنودی حاصل کر رہے ہیں – دنیا کے ساتھ دین کی بھی خدمت کرو“-
مقامی مسجد کے مولوی صاحب نے بھی اس طرف زور دیا -اللہ رکھے کو مولوی صاحب کی بات بہت اچھی لگی اور وہ بھی ان کے ساتھ ہو لیا – پہلے اس نے رکنیت حاصل کی – پھرتنظیم کے اجتماعات میںشرکت کرتا – جب ایف ایس سی کے رزلٹ نکلے تواللہ رکھا پوری ڈویژن میں اول آیا- اس کی جماعت نے اس کی خوب تشہیر کی اور اسے اپنے حق میں خوب استعمال کیا – آئے روز کسی نہ کسی اخبار میںاس کی فوٹو یا انٹرویو شائع ہوتا – انہیں کی جماعت کے صوبائی عہدیداروںنے اس کےلئے ٹی وی انٹرویوز کے اہتمام بھی کئے جن میں اللہ رکھے کی ذہانت پر کم اور اس کے تنظیم کے ساتھ تعلق کو زیادہ بیان کیا جاتا – ایک اور فائدہ یہ ہوا کہ اب اللہ رکھے کو پورے ملک کی تنظیم میںا یک اہم مقام حاصل ہو گیا اور ہر مقرر اپنی تقریر میںاللہ رکھے کی کامیابی کوتنظیم کے کھاتے میں ڈالتا –
اگلا مرحلہ میڈیکل کالج میں داخلے کا تھا – اللہ رکھے نے داخلے کی درخواست دی اور اسے صوبے کے سب سے اعلیٰ میرٹ والے کالج میں داخلہ ملا – یہاںاس کی تنظیم کے لوگوں نے اسے ہاتھوں ہاتھ لیا اور اسے تنظیم کے مقامی یونٹ کا صدر بنا یا – داخلے اور پڑھائی کےلئے فیسوں کی کمی پوری کرنے کےلئے تاج نے ایک دفعہ پھر قربانی دی اور بچے کھچے زیورات بیچ کر اس کے داخلے کی فیس ادا کی – اللہ رکھے نے داڑھی رکھ لی اور تعلیم کے ساتھ ساتھ تنظیم کا کام بھی کرنے لگا- اس کی تنظیم میں بہت عزت تھی – تنظیم کے سالانہ اجتماع میں اسے تقریر کا موقع بھی دیا گیاجبکہ تنظیم کے پورے ملک سے آئے ہوئے کارکنوں نے اس کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور اس کے آٹو گراف لئے – کئی ایک نے اس کی فیس بک آئی ڈی اور فون نمبر بھی لئے – یوں اللہ رکھا اپنی ذہانت کے باعث ایک ہیرو بن گیا – اسی اثناءمیں میڈیکل کے پہلے سال کا رزلٹ نکلا تو اللہ رکھے نے پوری کلاس میں ٹاپ کیا –
O
درانی اور حلیم خان سخت ٹینشن میںتھے کیونکہ جنرل صاحب انہیں ہر روز بے عزت کرتے تھے کہ کسی طرح کوئی سکینڈل شروع کرو تاکہ لوگوں کی نظر بجلی ‘گیس ‘ چینی اور آٹے کے بحران سے دور ہو – ان دونوں نے دیگر بیوروکریٹوں سے بھی بات کی – ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی جس میں ایک جونئیر بیوروکریٹ نے تجویز پیش کی کہ اگر جرنیل منہ مانگے پیسے خرچ کرنے کو تیار ہیں تو پھر پریشانی کس بات کی ہے – جواب میں حلیم خان نے کہا -”ہمیںکوئی سکینڈل شروع کرنے کو کہا جا رہا ہے اور ہمارے پاس جتنے بھی آئیڈیا ہیں وہ مضبوط نہیںہیں – ہم جو بھی آئیڈیا جنرل کو پیش کرتے ہیں اور اسے مسترد کر دیتا ہے – کوئی ایسا آئیڈیا ہو جس سے سانپ بھی مر جائے اورلاٹھی بھی نہ ٹوٹے “-
اس پر بیوروکریٹوں نے اپنی اپنی رائے دینی شروع کی اور ان تجاویز پر سیر حاصل بحث ہوئی -آخر ایک بیوروکریٹ نے ایک تجویز پیش کر دی جس کو سب ہی لوگوں نے قابل عمل قرار دیا -اعجاز خان کی تجویز تھی :-”اس وقت ملک ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے – یہ ہم بیوروکریٹوں کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو بچانے کےلئے ریاست کے دوسرے ستون فوج کے ساتھ مکمل تعاون کریں – میرے خیال میں ہم نے مذہب کے نام پر جب بھی کوئی تحریک شروع کی ہے وہ ہمیشہ کامیاب ہوئی – اس کےلئے ہمیں زیادہ خرچہ کرنے کی ضرورت بھی نہیں کیونکہ ہمارے ملک کے عوام مذہب کے معاملے میں بہت جذباتی ہیں – ہمیں اس دفعہ بھی مذہب کے نام پر کوئی تحریک شروع کرنی چاہئیے’ جس سے لوگوں کی نظربجلی ‘ گیس ’آٹے اور چینی کے بحران سے ہٹ جائے – اسی اثناءمیں لندن میں بیٹھے حکومت کے باغی شخص کی کاروائی بھی سامنے آجائے گی “-
”آپ کے خیال میں اس مقصد کےلئے ایجنڈہ کیا ہونا چاہئیے “ – یہ درانی کی آواز تھی
”آپ جانتے ہیں کہ ہمارے اہل تشیع لوگ اہل بیت اطہار کے نام کے ساتھ علیہ السلام لگاتے ہیں جبکہ دیگر صحابہ کرام کو رضی اللہ تعالیٰ کہتے ہیں – یہ بھی واضح رہے کہ اہل تشیع اور اہل حدیث و اہل سنت کا خلافت پر اختلاف ہے – اہل تشیع تینوں خلفاءکو غاصب قرار دیتے ہیں جبکہ معاویہ کو منکر اور کافر کہتے ہیں – ادہر اہل حدیث معاویہ اور یزید کو برحق مانتے ہیں لیکن عجیب بات ہے کہ وہ خود کو علی اورحسین کا دوست بھی کہتے ہیں – اسی بات پر تحریک شروع کی جا سکتی ہے – اس پر زیادہ خرچے کی ضرورت بھی نہیں ہے – چند ایک مذہبی راہنماﺅں کو خریدلیں- بہت سے مولوی اپنا دام لگانے کو تیار ہیں “- اعجا ز خان نے کہا
O
”سر ہم ایک بہت اچھی تجویز لائے ہیںجوکم خرچ بھی ہے اور بالانشین بھی “- حلیم خان نے جنرل سے کہا
”کیا تجویز ہے تمہارے پاس؟“ جنرل نے غراتے ہوئے کہا
حلیم خان نے ساری تحریک کا بلیو پرنٹ پیش کیا – جوںجوں وہ بات کی وضاحت کرتا گیا جنرل کے چہرے پر چمک آتی گئی – جونہی حلیم خان نے اپنی بات مکمل کی تو جنرل نے اپنی چھڑی میز پر مار کر خوشی سے کہا ”ویری فنٹاسٹک – خان تم نے بہت اچھی تجویز پیش کی “-
”اب یہ آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ کس کس مولوی کے ساتھ رابطہ کرنا ہے اور یہ رابطہ بھی آپ نے ہی کرنا ہے کیونکہ اب لوگ ہماری نسبت آپ پر زیادہ اعتماد کرتے ہیں “-درانی نے کہا
”بہت خوب – تم نے اچھا کام کیا کہ اس بات کو وسیع مشاورت کے بعد حل کیا – دو ارب روپے تمہیں کل مل جائیں گے – تم اپنا نظام چلاﺅ – یہ مولویوں کو خریدنے کا کام میرے اوپر چھوڑدو ”- جرنیل نے کہا
O
اچانک پارلیمنٹ میں ایک تجویز پیش کر د ی گئی کہیہ ملک ایک اسلامی ملک ہے اور یہاںگستاخی صحابہ کو ایک جرم قرار دے کر اس کی سزا موت رکھی جائے جبکہ تجویز کی سمری میںیہ بھی لکھا گیا کہ اہل بیت اطہار کے ناموں کے ساتھ علیہ السلام کو خلاف قانون قرار دیا جائے اور ان کے نام کے ساتھ بھی رضی اللہ لکھاجائے – تمام صحابہ کرام کو ایک جسی تکریم دی جائے جن میں حضرت امیر معاویہ اور خلفاءثلاثہ بھی شامل ہیں -یہ بات جنگل میںآگ کی طرح پھیل گئی – دونوں طرف سے علماءنے تجاویز کے حق اور مخالفت میں دلائل دینے شروع کر دئیے – نامو س صحابہ اور ناموس اہل بیت کے نام پر بیانات شروع ہو گئے – لوگ آٹے ’چینی ‘گیس اور بجلی کے بحران کو بھول گئے اور انہیں اپنے ایمان کی فکر پڑ گئی – ہر شخص کا خون کھول رہا تھا – ادہر بعض تنظیموں نے جلسے اور جلوسوں کا پروگرام بھی بنایا – ہر طرف تحریک کی گہماگہمی تھی – ہر جگہ پر ایک ہی موضوع زیر بحث تھا – ہر مسجد میں جمعہ کے خطبات میں اس مسئلے پرتقریریںہو رہی تھی – پورا ایک ہفتہ لوگوں کے خون گرمانے اورا نہیں فرقہ مخالف کے لوگوں کو جان سے مارنے کےلئے ذہنی طور پر تیار کیا گیا -پھر جلوس نکلنے شروع ہوئے – گلی ’ محلوں اور بازاروں میں دنگے اور فسادات ہونے لگے – سوئے ہوئے لوگ جیسے یکدم بیدار ہو گئے ہوں – ادہر میڈیا میں قتل و غارت کی جھوٹی کہانیاں بھی بیان ہونے لگیں -مختلف مکاتب فکر کے علماءٹی وی پر آ کر اپنا مﺅقف بیان کرنے لگے – فیس بکیں بحثوںا ور گالیوں سے بھر گئیں – ہر شخص دوسرے کے خون کا پیاسا ہو گیا – پورے ملک میں ٹینشن کی صورت حال پیدا ہو گئی – پولیس خاموش تماشائی بن کر ساری صورت حال کے خراب ہونے کا انتظار کرتی رہی –
اچانک اللہ رکھا کو تنظیم کے مرکز سے پیغام ملا کہ ایک ہنگامی اجلاس ہے – اجلاس میں ملک کی صورت حال پر غور کیا گیا اور فیصلہ ہوا کہ ہمیں اس معاملے میںخاموش نہیںرہنا چاہئیے – ہمیںبھی اس مسئلے پر اپنا مﺅقف بیان کرنا چاہئیے – طویل بحث و مباحثہ کے بعد فیصلہ ہوا کہ تنظیم پورے ملک میں ریلیاں منعقد کی جائیں- اپنے شہر میں ریلی منعقد کرنے کا انچارج اللہ رکھے کو مقرر کیا گیا – دیدہ زیب اشتہارات ‘ بینرز ‘ لیف لیٹس اور ہینڈآﺅٹ نجانے کہاں سے بہت بڑی تعداد میں فراہم کر دئیے گئے- تاہم کسی کو ہوش ہی کہاں تھا کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کرتا کہ یہ کہاں سے آئے ہیں -ریلی کے روزتمام لوگ ”شہادت“ کی مکمل تیاری کر کے ناموس صحابہ اور ناموس اہل بیت پر جانیں قربان کرنے کےلئے میدان میں نکل آئے – اللہ رکھا گذشتہ ساری رات نہیں سو سکا تھا کیونکہ وہ ریلی کا نگران مقرر تھا – وہ ساری رات اس بارے میںسوچتا رہا – پھر وہ فجر کی نماز پڑھ کر تھوڑ ی دیر کےلئے سویا اور صبح نو بجے وہ اپنے ساتھیوں سمیت ریلی کے مقام آغازپر پہنچا- ریلی شروع ہوئی – پرجوش تقریریں ہوئیں – جلوس نے چلنا شروع کیا – راستے میں مخالف فرقے کی مسجد آئی تو نوجوان بے قابو ہو گئے-انہوں نے نہ صرف مخالف فرقے کے لوگوں کوماں بہن کی ننگی گالیاں دیں بلکہ ان کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی شروع کر دی – گو اللہ رکھا نہیں چاہتا تھا کہ کوئی تصادم ہواور اس نے نوجوانوں کو قابو میں رکھنے اور فرقہ واریت پر مبنی نعرے لگانے سے روکالیکن وہ اتنے بڑے پرجوش مجمے کو قابو بھی نہ کر سکا – جب مخالف فرقے کے علماءنے لاﺅڈ سپیکر پر جلوس میں شامل لوگوں کے نعروں کے جواب میں یہ عندیہ دیا کہ وہ ناموس کی خاطر جان بھی قربان کر دیں گے تو یہ بات ریلی کے نوجوانوں کےلئے ایک چیلنج کی حیثیت اختیار کر گئی – انہوں نے جوش میں آکر مسجد پر دھاوا بول دیا – ہر چند کے اللہ رکھا شور مچاتا رہا کہ یہ جلوس پرامن ہے اور مظاہرین مسجد میںداخل نہ ہوں لیکن نقار خانے میں طوطی کی آواز بھلا کون سنتا- نجانے کس نے پہلی گولی چلائی اور بعدمیں نجانے کہاں سے اتنا اسلحہ آ گیا کہ دونوں طرف سے اندھا دھند فائرنگ شروع ہو گئی -گولیاں لگنے سے دونوں اطراف کے بیس افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اسی افراد زخمی ہوئے – سب کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا – ہسپتال میںایمرجنسی نافذ کر دی گئی – بیس ہلاک ہونے والوں میںاللہ رکھا بھی شامل تھا جس کے سر میں گولی لگی تھی – ہجوم کو گرمانے کےلئے پہلی گولی اللہ رکھے کو ہی ماری گئی لیکن یہ گولی ماری کسی نے؟ہر کوئی یہی سوال کر رہا تھا –
اچانک فوج نے علاقے کاکنٹرول سنبھال لیا اور کرفیو نافذ کر دیا گیا – وہی لوگ جو کل تک ایک دوسرے کے خون کے پیاسے تھے وہ اس صورتحال پر افسوس کا اظہار کرنے لگے – وہی علماءجو کل تک مرنے اور مارنے پر تلے ہوئے تھے نے اپنی تقریروں میں شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل شروع کر دی – لوگ احتجاج کرتے رہے – حکومت واقعہ کے ذمہ داروں کو سخت سزا دینے کی یقین دہانیاں کرواتی رہی – چند ایک افراد کوگرفتاربھی کیا گیاجن کو حوالات میں ہر اعلیٰ سہولت فراہم کی گئی- تاہم جونہی بات ٹھنڈی ہوئی انہیںایک ایک کر کے چھوڑ دیا گیا – چینی ‘ آٹے ‘ گیس اور بجلی کے سکینڈل سے لوگوں کی جان چھوٹ گئی – میڈیا کو رپورٹنگ کےلئے ایک نیاموضوع مل گیا – لوگوں کے مسائل جوں کے توں رہے –
اللہ رکھا اور دیگر مرنے والوں کو شہید قرار دیا گیا اور ان کے جنازوں کے پرجوش جلوس نکالے گئے- تاہم کوئی ”ناخوشگوار“ واقعہ پیش نہ آیا- کسی نے اس خون کی تفتیش کرنے کی ضرورت پر زور نہ دیا اور اسے اللہ کی مرضی کہہ کر ٹال دیا- غلام حسین کو اللہ رکھے کی موت کے بعدچپ سی لگ گئی اور وہ ہر وقت خلاﺅوں میں گھورتارہتا – تاجی بیچاری نیم پاگل ہو گئی اورگلیوں میں سارا دن گھوم پھر کر ہر کسی سے پوچھتی ”میرے اللہ رکھے کو تو نہیں دیکھا کہیں – عام طور پر اتنی دیر کرتا نہیں ہوتا – نجانے آج اسے کیوں دیر ہو گئی ہے“-
ادہرجرنیل خوش تھے کہ ان کو حکومت فارغ نہیں کرنا پڑے گی – انہوں نے اربوں روپے کما لئے اور کچھ بیورو کریٹوں کو دے دئیے – بعض مولویوں نے اسی دوران نئی گاڑیاںاورنئی کوٹھیاں خرید لیں – البتہ اللہ رکھے سمیت بیس افراد کے قتل کے ذمہ داروں کو گرفتار نہ کیا جا سکا- اللہ رکھے سمیت دیگر لوگوں کے قتل کی تفتیش اس بیان کے بعد رک گئی جب اللہ رکھے کی جماعت کے ایک لیڈر نے یہ بیان دے کر ایجنسیوں اور پولیس کو ”واک اوور“ دے دیا کہ” ہم نے اللہ رکھے کے قتل کا معاملہ خداکے سپرد کر دیا ہے“ – کوئی اللہ رکھے کے قتل کا مدعی نہ بنا اور نہ ہی آج تک یہ علم نہیں ہو سکا کہ ہجوم پرپہلی گولی کس نے چلائی تھی

SHARE

LEAVE A REPLY