برطانیہ یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والا کروز میزائل فراہم کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ان میزائلوں کے ذریعے کیف کی فوج روس کے دستوں اور اسلحہ ڈپو کو اگلے محاذوں سے آگے بڑھ کر نشانہ بنا سکیں گی۔
یوکرین پچھلے کئی مہینوں سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کا مطالبہ کر رہا تھا لیکن برطانیہ اور امریکا سمیت دیگر اتحادی ممالک صرف کم فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار دے رہے تھے۔
برطانیہ کے وزیر دفاع بین والس نے پارلیمنٹ میں کہا کہ روس کو تسلیم کرنا ہوگا کہ اس کے اقدامات کی وجہ سے ہی ہم ایسے بڑے سسٹمز یوکرین کو فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ یوکرین کو اسٹارم شیڈو میزائل دے رہا ہے جو اس کے علاقوں سے ہی استعمال کیے جائیں گے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یوکرین سے یقین دہانی لی گئی ہے کہ وہ ان میزائلوں کو روس کے اندر نہیں مارے گا۔
خیال رہے کہ کریملن نے قبل ازیں کہا تھا کہ اگر برطانیہ نے یوکرین کو میزائل دیے تو اسے ہماری فوج کی طرف سے مناسب جواب دیا جائے گا۔
یہ اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب یوکرین کے صدر وولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ ان کی فوج کو روس کے حملے کے تدارک کیلئے ایک نیا محاذ کھولنا ہوگا۔













