حُسین شناسی کا سفر۔2۔ طویل عزائی نظم ، ڈاکٹر نگہت نسیم

0
1050

سڈنی میں مقیم ڈاکٹر نگہت نسیم کا قلمی سفر طویل اور ہمہ جہت ہے انکو نظم ونثر دونوں پر دسترس حاصل ہے وہ کئی کتابوں کی مصنف ہیں۔ اس برس انہوں نے ۔۔حُسین شناسی کا سفر۔۔۔ کے عنوان سے ایک طویل عزائی نظم کہنے کا اہتمام کیا ہے جو عالمی اخبار کے لیئے خاص طور پر لکھی گئی اور کئی اقساط میں شائع ہو گی۔ ادارہ عالمی اخبار انکی صحت و سلامتی کے لیئے دعا گو ہے

ادارہ عالمی اخبار

…………………………………………………………………….

دوسری قسط

جنت کے سردار کے ساتھ اتنا بڑا دھوکہ کیوں کیا ؟
کرب و بلا میں گھیر کر کیوں قتل کر دیا ۔۔۔۔
کیسے بھلا ؟
اُس وقت سے اب تک
تھال میں رکھا حق کا پرنور سراپا مسکراتا رہتا
مجھے اپنی جانب بلاتا ۔۔۔ جانو حق کو ، بار بار کہتا
پھر میں نے سوچ لیا ۔۔۔۔۔
جانتی ہوں حسین شناسی کا سفر آسان نہ ہوگا
پھر ۔۔ سوچتی ہوں
جو سفر اختیار نہ کیا تب بھی تو جینا بے سود ہوگا
احساس کی نگاہ سے دیکھوں تو
امام حسین علیہ السلام
دلربائے قلوب ہیں
مانند مقناطیس ہیں
قلب و جان کے طبیب ہیں
تیرہ شبی میں نور ہیں
کردار میں حضور ہیں
یہ وہی حسین ع ہیں
جن کے نانا نبی آخر
حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انکا نام رکھا
اورسبط اورسید کہہ کر پکارا
یہ وہی حسین ع ہیں
جن کے والد گرامی حضرت علی علیہ السلام ہیں
جنہیں خم غدیر میں نبی آخر ص نے “مولائے کائینات “ اور “امام اولیاء “ کہا
یہ وہی حسین ع ہیں
جن کی والدہ ماجدہ نبی پاک ص کی محبوب بیٹی
سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا ہیں
جنہیں آپ ص نے سیدۃ النساء العالمین کہا
اور جن کے آنے پر باپ بیٹی کی تعظیم میں کھڑے ہو جاتے
جن کی یہ سنت
کائنات میں اور کسی نے نہیں دوہرائی
یہ وہی حسین ع ہیں
جن کے بھائی امام حسن مجتبی علیہ السلام ہیں
جن کا نام نبی آخرص نے رکھا اور مجتبی(برگزیدہ)، سَیّد (سردار) ، سبط اور ذَکیّ (پاکیزہ) کہا
یہ اعزاز بھی صرف حسن ع اور و حسین ع کو ملا
جنہیں نبی پاک ص نے “شَبَّر” اور “شَبیر” کہہ کر پکارا
ساری جنتوں کے مختار و سردار کہا
یہ وہی حسین ع ہیں
جن کی بہن عقیلۂ بنی ہاشم، عالمۃ غَیرُ مُعَلَّمَہ، عارفہ
نائب الزہرا، نائب الحسین حضرت زینب سلام اللہ علیہا ہیں
جنہیں نبی پاک ص نے “ جدہ خدیجہ “ کہا
یہ وہی حسین ع ہیں
جن کے بیٹے زین العابدین ، سید الساجدین
امام علی ابن الحسین سید سجاد ہیں
جنہوں نے کوفہ کے دربار ابن زیاد میں
پھر بازارِ کوفہ میں اور پھر دمشق میں
یزید کے سامنے پا با زنجیر کلمہ حق کہا
یہ وہی حسین ع ہیں
جو سید وسبط اصغر، شہیداکبر، اورسیدالشہداء ہیں

جاری ہے

SHARE

LEAVE A REPLY