قائد اعظمؒ لاہور شہر میں متعدد بار آئے

0
1222

لاہور پاکستان کا دل کہلاتا ہے ، اس شہر میں قرار داد پاکستان منظور ہوئی۔ قائد اعظمؒ اس شہر میں متعدد بار آئے اور مختلف مقامات پر ٹھہرے۔

جن قوموں کے محسن اور بابائے قوم جہاں وقت گزارتے رہے ہیں وہ ان جگہوں کو محفوظ کرلیتی ہے لیکن ہم نے کوتاہی کی اور قائد اعظمؒ کی رہائش والی جگہوں کی حفاظت نہ کرسکے۔ جہاں بابائے قوم آکر قیام کیا کرتے تھے سنا ہے کہ ان میں سے بعض قیام گاہوں کو گرا کر پلاٹ بنا کے فروخت کردی گئیں اور بعض جگہیں گرا کر پلازے بنا دیئے گئے ۔

جب غازی علم دین شہید پر راجپال کے قتل کا مقدمہ چلا تو لاہور کے مسلمانوں نے قائد اعظمؒ کو بمبئی سے لاہور بلایا تاکہ وہ ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں۔ اس طرح وہ جولائی1929 کو لاہور آئے اور یہاں کے فلیٹیز ہوٹل کے کمرہ نمبر18 میں ٹھہرے۔ اس کمرے کے باہر ہوٹل کی انتظامیہ نے ایک تختی لگا رکھی ہے جس پر لکھا ہے کہ قائداعظمؒ نے اس کمرہ میں قیام کیاتھا۔یہ ہوٹل پنجاب اسمبلی کے پاس واقع ہے۔ قائداعظمؒ غازی علم دین شہید کو بری کرانا چاہتے تھے ، انہوں نے بھرپور انداز میں کیس کی پیروی کی۔

قائد اعظمؒ دوسری بار21 فروری 1936کو لاہور تشریف لائے تاکہ مسجد شہید گنج کی تحریک کے سلسلہ میں مسلمانوں سے ملاقات کرسکیں۔ وہ ان دنوں لاہور کے نیڈوز ہوٹل میں ٹھہرے تھے جو مال روڈ پر چڑیا گھر کے سامنے واقع تھا۔ اسی ہوٹل میں انہوں نے مسلمانوں کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں ۔ اس ہوٹل میں انہوں نے دو ہفتے قیام کیا۔ اسی قیام کے دوران بابائے قوم نے دیال سنگھ کالج اور ٹائون ہال میں جلسے بھی کئے اور مسلمان قیادت کے مصالحانہ رویہ کی تعریف کی۔ قائد اعظم ؒنے لاہور سے واپس جانے سے قبل لاہور کے شہریوں کی ایک مصالحتی کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں علامہ اقبالؒ سمیت دوسرے مذاہب کے لوگ بھی شامل تھے۔ ممتاز دولتانہ کے والد احمد یار خان دولتانہ اس کمیٹی کے کنوینئر مقرر کئے گئے تھے۔قیام پاکستان کے بعد اس ہوٹل کا نام پارک لگژری ہوٹل رکھ دیا گیا۔ بعد ازاں اسے گرا کر نیا فائیو سٹار ہوٹل بنایا گیا۔

اپریل1936 کو قائد اعظمؒ ایک بار پھر لاہور آئے تاکہ مسلم لیگ کے پارلیمانی بورڈ کا اعلان کرسکیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے پنجاب کے اس وقت کے وزیراعظم سر فضل حسین سے ملاقات کی۔اس دوران بابائے قوم ممتاز دولتانہ کے والد احمد یار دولتانہ کی کوٹھی پر ٹھہرے۔یہ کوٹھی شملہ پہاڑی کے قریب واقع ہے۔بعد میں پنجاب کے وزیراعلیٰ بننے والے ممتاز دولتانہ کا بھی یہی بنگلا بنا۔ لاہور میں ایک ہفتہ قیام کے بعد بابائے قوم راولپنڈی چلے گئے۔ کچھ ماہ بعد دوبارہ لاہور آئے اور لاہور ریلوے سٹیشن پر اترے جہاں مسلمان رہنمائوں نے ان کا استقبال کیا۔ 11 اکتوبر 1936کو آپ پھر لاہور آئے تاکہ 1938میں ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں مہم کا آغاز کرسکیں۔ یہاں انہوں نے ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں قرار داد پاکستان کے موقع پر20 مارچ کو قائد اعظمؒ لاہور آئے اور انہوں نے حبیب اللہ روڈ پر واقع شاہ نواز ممدوٹ کی کوٹھی ممدوٹ ولا‘‘ میں قیام کیا۔ آپ کو ریلوے سٹیشن سے ممدوٹ ولا تک ایک جلوس کی شکل میں لایا گیا۔ اسی دوران قائد اعظمؒ میوہسپتال خاکسار کے زخمی ہونیوالے کارکنوں کی عیادت کیلئے بھی گئے ۔ اس کے بعد قائد اعظمؒ جب بھی لاہور آئے ممدوٹ ولا میں ہی ٹھہرتے رہے البتہ کبھی کبھی میاں بشیر احمد کی کوٹھی واقع لارنس روڈ پر بھی جاتے رہتے۔اب وہاں جدید مکانات بن چکے ہیں۔ اب اس کوٹھی کا نام و نشان تک بھی نہیں ہے۔بابائے قوم مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے 2 مارچ 1941کو بھی لاہور آئے تھے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اکثر گورنر ہائوس میں ٹھہرتے رہے۔ 30اکتوبر کو قائد اعظمؒ نے یونیورسٹی گرائونڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ یہاں سے باغبانپورہ کے میاں افتخار الدین انہیں والٹن لے گئے جہاں مہاجر کیمپ میں ہیضہ پھیلا ہوا تھا اور لوگ دھڑا دھڑ مررہے تھے اور ان کو اجتماعی قبروں میں دفن کیا جارہا تھا۔ یہاں ان کی مسلم لیگ کے کئی رضاکاروں سے ملاقات بھی ہوئی۔

تحریر : زاہد عکاسی

SHARE

LEAVE A REPLY