پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین اور کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ ٹیم کی رینکنگ کو اوپر لایا جائے اور ایسا مسلسل میچز جیت کر ہی ممکن ہے جس کے لئے اچھی کارکردگی دکھانا پڑے گی۔

ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر ہونے کے بعد بابر اعظم نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت فخر کی بات ہے کہ مجھے ٹیسٹ فارمیٹ کی بھی کپتانی ملی، کوشش یہی ہوگی کہ اچھی سے اچھی ٹیم بناؤں، ٹیسٹ فارمیٹ میں بھی لڑکوں کو اچھے کامبی نیشن سے کھلائیں اور انہیں سپورٹ کریں۔ نوجوان کھلاڑی سینئرز کے ساتھ جتنا کھیلیں گے اتنا زیادہ سیکھیں گے۔

بابر اعظم نے مزید کہا کہ سابق کپتان سرفراز احمد اور اظہر علی کی سربراہی میں کھیل کر بہت کچھ سیکھا جس کے لئے ان کا مشکور ہوں۔ کوشش کروں گا ان کو ساتھ لے کر چلوں، ان سے مشورہ کروں کہ ان کا کیا مائنڈ سیٹ تھا۔

بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی کہ مجھ پر اعتماد کیا گیا اور ایک مزید ذمہ داری دی گئی۔ انشاءﷲ جیسے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں کپتانی کر رہا ہوں کوشش ہے ویسے ٹیسٹ میں بھی کروں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں ان کا سفر 2007 سے چل رہا ہے جب وہ بال پکر تھے۔ تب میرا بھی دل کرتا تھا کہ مجھے یہاں کھیلنا ہے۔ اپنی منزل اور مقصد پانے کے لئے بہت سی چیزیں قربان کرنا پڑتی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY