پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کو ہراساں کرنے پر اقوامِ متحدہ کو تحفظات سے آگاہ کردیا ہے: طالبان

0
820

اسلام آباد میں طالبان حکومت کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کو ہراساں کرنے سے متعلق تحفظات سے اقوامِ متحدہ کو آگاہ کیا ہے۔

طالبان کے زیرِ انتظام افغانستان کے سفارت خانے میں تعینات سفیر سردار شکیب احمد نے پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی ہائی کمشنر (یو این ایچ سی آر) سے ملاقات کی ہے۔

بدھ کو افغان سفارت خانے کے سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سردار احمد شکیب نے یو این ایچ سی آر کی نمائندہ فلیپا کینڈلر سے ملاقات کی ہے۔

بیان کے مطابق سردار شکیب نے انہیں اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیس کی جانب سے افغان پناہ گزینوں کو ہراساں کرنے اور ان کی گرفتاری سے متعلق حالیہ واقعات پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا۔

بیان کے مطابق طالبان سفیر نے یو این ایچ سی آر پر زور دیا ہے کہ پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کا تحفط یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے ادارے افغان پناہ گزینوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں اور کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہے۔

ان کے بقول ایسے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کے پاس ویزا اور دیگر قانونی دستاویزات بھی ہیں۔

سفارت خانے کے مطابق راولپنڈی میں برسوں سے مقیم افغان مہاجرین کو کاروبار سے روکا جارہا ہے اور کئی مقامات پر پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے پر انہوں نے دکانیں بند کردی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات باعث تشویش ہے کہ پولیس افغان رہائشیوں کو 15 جنوری تک اسلام آباد اور راولپنڈی سے نکلنے کی ہدایت دے رہی ہے اور یہ ہدایات قانونی اسٹیٹس رکھنے والوں کے لیے بھی ہیں۔

پاکستان میں یو این ایچ سی آر کی جانب سے اس ملاقات کے بارے میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

البتہ افغان سفارت خانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یو این ایچ سی آر کی سربراہ فلیپا کینڈلر نے پاکستان کی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے افغان پناہ گزیوں کو گرفتار کرنے اور دیگر اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیان کے مطابق انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ یو این ایچ سی آر کو بھی ایسی شکایات موصول ہوئی ہیں اور بتایا کہ ان شکایات سے پاکستان کی وزارتِ داخلہ اور سرحدی امور کی وزارت سیفرون کو بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY