پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں، تاریخ میں اتنا نا اہل اور نالائق وزیرِ اعظم نہیں ملا۔
کراچی بار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے دن گنے جا چکے، الزامات سے گھبرانے والے نہیں، گرفتاری کی دھمکیاں نئی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے لیے تحریک چلانے نکلے ہیں، وکلاء کا تعاون درکار ہے، ہم نا اہل وزیرِ اعظم کو گھر بھیج دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم 18 اکتوبر کو مزارِ قائد پر تاریخی جلسہ کریں گے، پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین جمہوریت کی سربلندی کی تحاریک چلائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں پیپلز پارٹی کے لیے نئی بات نہیں ہیں، جب تک وکلاء ہمارے ساتھ کھڑے ہیں ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنی ہو گی، جب تک آزاد نہیں ہوں گے، پارلیمان ربڑ اسٹیمپ رہے گی، مسائل حل نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب تک میڈیا اور پارلیمنٹ آزاد نہیں ہو گی، حقیقی جمہوریت نہیں آ سکتی، ہم سانحہ کار ساز کے موقع پر 18 اکتوبر کو کراچی سے آواز اٹھائیں گے۔










