مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے والے ایس ایچ او شاہدرہ نے نامزد ملزمان کے سامنے معذرت خواہانہ رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ ہم تو غیر جانبدار ہیں، آپ کے بھی اتنے ہی خادم ہیں جتنے کسی اور کے۔
ایس ایچ او شاہدرہ نے تھانے میں نوازشریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کیا ہے، کسی کو گرفتار کرنے کی کوشش نہیں کی۔
تھانے کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دو سابق وزرائے اعظم اور تین سابق لیفٹیننٹ جنرلز کے خلاف مقدمہ بنادیا۔
لاہور کے تھانہ شاہدرہ آمد پر میڈیا سے گفتگو میں محمد زبیر نے کہا کہ ہم پر اداروں کے خلاف بات کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے۔
محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان کا براہ راست حکم ہے کہ مقدمے بنائے جائیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ واحد مقدمہ ہے جس میں انچارج انویسٹی گیشن کا فون بند ہے اور مقدمے کا مدعی دو دن سے غائب ہے۔












