فرانس: ایک اور حملے میں خاتون کا سر قلم، دو افراد چاقو کے وار سے قتل

0
757

فرانس کے شہر نیس میں چاقو بردار حملہ آور نے مبینہ طور پر ایک خاتون کا سر قلم کر دیا جب کہ دیگر دو کو وار کر کے قتل کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً نو بجے نیس شہر میں نوٹرڈیم چرچ کے قریب پیش آیا جب کہ شہر کے میئر کرسچن ایستوزی نے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔

کرسچن ایستوزی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ نوٹرڈیم چرچ کے اندر یا چرچ کے قریب چاقو کے ذریعے حملہ کیا گیا۔ ان کے بقول پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

میئر کا کہنا تھا کہ “پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگائیں تو وہ بلند آواز سے مستقل اللہ اکبر کہتا رہا۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون کا سر ان کے تن سے الگ کیا گیا ہے۔ البتہ انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں تین افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جب کہ کئی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

فرانس میں یہ واقعہ ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب رواں ماہ ہی فرانس میں 18 سالہ نوجوان نے تاریخ کے استاد کا سر قلم کر دیا تھا۔ سیمیول پیٹی نامی استاد نے کلاس کے دوران طلبہ کو پیغمبرِ اسلام کے خاکے دکھائے تھے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ہونے والے حملے میں بھی حملہ آور نے ایک خاتون کا سر قلم کیا ہے جب کہ پولیس ذرائع بھی اس کی تصدیق کر رہے ہیں۔

مقامی سیاسی رہنما مارین لی پین نے بھی ایک فرد کا سر قلم ہونے کی تصدیق کی ہے۔

فرانس کے انسدادِ دہشت گردی کے پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد پولیس نے چرچ اور اس کے قریبی علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ مذکورہ چرچ شہر کے مرکزی کاروباری علاقے کے قریب واقع ہے۔

واقعے کے بعد ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی جائے وقوعہ پر پہنچیں اور سیکیورٹی فورسز نے چرچ کو محاصرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

‘گارڈین’ کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں بھی نیس روانہ ہو گئے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY