مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں کہ ایاز صادق جب قومی اسمبلی میں بیان دے رہے تھے تو کیا اسپیکر اور حکومتی ارکان سو رہے تھے؟ اسپیکر نے ایاز صادق کے الفاظ کارروائی سے حذف کیوں نہیں کرائے؟
لاہور میں انسدادِ منشیات کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ نون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ حکومت کے ترجمان اپوزیشن کو گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں کرتے، وزیرِ اعظم عمران خان اپوزیشن کو گالیاں دینے والے ارکان کی تعریف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتقام اور نفرت میں غرق ٹولہ ملک پر مسلط ہے، نا اہل اور نالائق ٹولہ سوائے انتقامی سیاست کے کچھ اور نہیں کر رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اپوزیشن کے بیانات بھارتی بیانیے سے منسوب کرنے کے سوا کوئی کام نہیں، آٹا، چینی اور بجلی کی قیمتوں کی مد میں عوام کو اربوں روپے زیادہ دینا پڑ رہے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ حکومتی فیصلے بر وقت نہ ہوئے جس کی وجہ سے بوجھ عوام پر پڑا، کابینہ ارکان خود بتا رہے ہیں کہ پانچ پانچ گھنٹے کی میٹنگ ہوتی ہے، ایجنڈا کچھ ہوتا ہے اور وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ کسی کو نہیں چھوڑوں گا۔











