سعودی عرب کے تاجر نے نیلامی میں 26 لاکھ ڈالر کی بولی لگا کر کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کی فرنچائز ٹیموں کے درمیان جمعرات کو کھیلے جانے والے دوستانہ مقابلے دیکھنے کے لیے ٹکٹ جیت لیا۔
عرب نیوز کے رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ریاض میں میسی کی پیرس سینٹ جرمین کا مقابلہ رونالڈو کے نئے کلب النصر اور ان کے سعودی حریف الہلال کے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک منتخب ٹیم سے ہو گا۔
جمعرات کے دوستانہ میچ کو فروغ دینے کے لیے شاہی عدالت کے مشیر اور سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی الشیخ نے ایک خصوصی ٹکٹ کے اجرا کا اعلان کیا جس سے حاصل ہونے والی رقم چیرٹی کے لیے خرچ ہو گی، اور اسے جتنے والے کے لیے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے مواقع اور لاکر رومز تک رسائی جیسی پیش کش کی گئی تھی۔
میسی کے علاوہ جمعرات کو کھیلنے والے پریس کلب کے ستاروں میں فرانس کے سٹرائیکر کائلان ایم باپے اور مراکش کے اشرف حکیمی شامل ہیں، جنہوں نے گذشتہ سال قطر میں مراکش کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
کلب ذرائع کے مطابق النصر کے ساتھ 2025 تک چلنے والے 20 کروڑ یورو کے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب رونالڈو مملکت میں پہلا فٹ بال میچ کھیلیں گے۔
رونالڈو کو مملکت سے مجموعی طور پر 40 کروڑ یورو کمانے کی توقع ہے جس میں سعودی عرب، مصر اور یونان کے لیے ورلڈ کپ کی متوقع بولی کے لیے بطور سفیر ان کی علیحدہ ادائیگی بھی شامل ہے۔











