پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ملک میں پُرتشدد کارروائیوں کو روکنے، سیاسی افہام و تفہیم اور معاشی استحکام کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت اشد ضروری ہے اور اس کا آغاز فوری ہونا چاہیے۔
گزشتہ ماہ پولیس کی جانب سے گرفتاری اور حال ہی میں اپنی رہائی کے بعد اسلام آباد میں وائس آف امریکہ کو دیے گئے اپنے پہلے انٹرویو میں رؤف حسن نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات پر ڈیڈلاک اب مزید برقرار نہیں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے فوج سے بات کرنا چاہتی ہے اور اس بات چیت کے لیے ان کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ “میں اس بات کو دہراتا ہوں کہ (فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان) بات چیت کا آغاز بغیر کسی تاخیر کے ہونا چاہیے۔”
رؤف حسن نے کہا کہ یہ ریاست کے مفاد میں ہے کہ فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت ہو تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔
واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان بھی متعدد بار فوج سے بات چیت کا عندیہ دے چکے ہیں۔













