مخالفین شوق سے جلسے کریں، حکومت کو فرق نہیں پڑے گا: وزیر داخلہ شیخ رشید

0
1338

شیخ رشید احمد نے وزیر داخلہ بنتے ہی اپوزیشن کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفا کرو گے وفا کریں گے، جفا کرو گے جفا کریں گے۔ مخالفین شوق سے جلسے کریں، اسلام آباد بھی آئیں، حکومت کو فرق نہیں پڑے گا۔

شیخ رشید نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ اقتدار کے بھوکے لوگ اتوار بازار لگانے جا رہے ہیں، انھیں اس کی کھلی اجازت ہے۔ یہ لوگ سچائی کی سیاست کو ناکام بنانے اور اس میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرکے صرف اپنے مقدمات سے نجات چاہتے ہیں۔ عمران خان مینار پاکستان جلسے سے مقبول ہوا یہ لوگ غیر مقبول ہونگے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم والے کہتے ہیں کہ ہم عمران خان سے بات نہیں کر سکتے، وہ بتائیں کہ پھر کس سے بات کرنی ہے۔ ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کی کوششیں ناکام ہونگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا، اپنی ذمہ داریوں کا پتا ہے۔ 13 دسمبر کے بعد عمران خان کیلئے خوشخبریاں ہونگی۔ موجودہ اپوزیشن ہوئی تو آئندہ الیکشن بھی عمران خان جیتیں گے۔ پی ڈی ایم کے جلسے سے عمران خان کہیں نہیں جا رہا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نواز شریف کو واپس لانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی سرحدوں سے کسی قسم کاخطرہ نہیں، اندر سے خطرہ ہے۔ وزیراعظم کا شکر گزار ہوں کہ انھوں نے نئی ذمہ داری دی ہے۔ ملک میں منی لانڈرنگ کا سلسلہ ختم ہوگا۔

……………………………..

وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کی گئی ہے، جس کے بعد وفاقی وزیر شیخ رشید سے وزارت ریلوے کا منصب لے کر وزیرِ داخلہ بنا دیا گیا ہے، ان کی جگہ وزارتِ ریلوے اعظم سواتی کو دے دی گئی ہے۔

اعجاز شاہ سے وزارتِ داخلہ کا قلم دان لے کر انہیں وزیرِ انسدادِ منشیات کا منصب دیا گیا ہے، اس سے پہلے وزارتِ انسدادِ منشیات کا قلم دان اعظم سواتی کے پاس تھا۔

دوسری جانب آج صبح وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے والے عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیرِ خزانہ کا قلم دان دے دیا گیا ہے۔

عبدالحفیظ شیخ سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوانِ صدر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں حلف لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حفیظ شیخ کے بعد مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنانے کا امکان ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو مارچ 2021ء میں سینیٹر بنائے جانے کا امکان ہے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد تینوں مشیر وفاقی وزیر بن سکتے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY