متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے پیر کے روز اپنے پہلے مشترکہ طور پر بنائے گئے بحری نگرانی کے طیارے کی نمائش کی جسے ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا جا سکے گا۔ اس طیارے کی تیاری خلیجی خطے میں سمندری خطرات میں اضافے کے بعد ان دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
اس جہاز میں جدید سینسرز اور امیجنگ سسٹم نصب ہیں اور اسے نگرانی، جاسوسی اور بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس جہاز کو ابوظہبی کے ساحل پر نیول ڈیفنس اینڈ میری ٹائم سیکیورٹی کے نام سے ہونے والی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔
سطح سمندر پر بغیر پائلٹ کے چلائے جانے والا یہ جہاز اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز اور اماراتی دفاعی کنسورشیم”ایج ” کی تخلیق ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مصروف خلیجی بحری راستوں کو برسوں سے میزائل اور ڈرون حملوں کا سامنا رہا ہے جس کا الزام پڑوسی ملک ایران پر لگایا جاتا ہے۔












