مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہمارے دو ارکان قومی اسمبلی کے استعفے کسی نے شرارت کر کے اسیپکر کے پاس بھیج دیے ہیں، میں اسپیکر سے کہتی ہوں کہ ان دونوں شیروں کو بلا کر پوچھ لو اور ان کے استعفے منظور کرلو۔
سکھر میں پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ‘جب بھی ملک نے ترقی کی وہ نواز شریف کا دور تھا، ترقی کا سفر وہاں سے شروع ہوگا جہاں سے نواز شریف کے جانے کے بعد ٹوٹا تھا، جبکہ سونامی پہلے بدنامی میں تبدیل ہوا اور اب گمنامی میں تبدیل ہوگا’۔
انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی مگر ان کی چوری کرنے اور دوستوں کو نوازنے کی تیاری پوری تھی، جب پتہ تھا کہ نالائق ہو، تیاری نہیں تو کیوں 22 کروڑ عوام کی قسمت کے ساتھ کھلواڑ کیا، سیاسی مخالفین کو چور کہنے والا ڈھائی سال بعد کہتا ہے کہ حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی’۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ بٹن دبانے سے تبدیلی نہیں آتی یے اور وہ ایسا بٹن کہاں سے لائیں جس سے تبدیلی آئے، جب آر ٹی ایس کا بٹن دبانے سے اتنی بڑی ووٹ چوری ہونے کی تبدیلی آسکتی ہے تو ڈھائی سال میں تبدیلی کیوں نہیں آسکتی ہے’۔












