سوچ رہا ہوں ایسا بھی اک سال کبھی تو آئے گا , عزیررشید

0
825

کیلنڈر میں سال نو کا مطلب یہ سمجھانا ہے
خاک کے اوپر کی دنیا سے خاک کے نیچے جانا ہے
خاک کے اوپر کی دنیا کی خاک ہی اصل نشانی ہے
خاک کے نیچے کی دنیا انسان کی اصل کہانی ہے
دولت شہرت عزت طاقت رشتے سب کچھ فانی ہے
سیرت باقی رہ جانی ہے صورت تو مٹ جانی ہے
کیا لکھو گے لکھنے والو جھوٹے سب افسانے ہیں
کیا اس سال بھی ہم نے پچھلے سال کے سوگ منانے ہیں
سب کے اپنے اپنے جھنڈےسب کے الگ ترانے ہیں
کیا اس سال بھی ہم نے نفرت کے ہی تیر چلانے ہیں
بھوک کی اونچی دیواروں کے تاج محل بنانے ہیں
کیا اس سال بھی ہم نے غیروں کے ہی ڈھول بجانے ہیں
بونے قد کے دانشور اور لمبی بہت زبانیں ہیں
سال نیا ہے بے شک لیکن لوگ تو وہی پرانے ہیں
جنتر منتر جادو ٹونے اور نجومی آئیں گے
ٹی وی کی سکیرینوں پر گمراہی وہ پھیلایں گے
نئے سال میں کیا کیا ہوگا یہ ہم کو بتلائیں گے
نفرت کرنے والے ہم کو پیار کا سبق پڑھایں گے
خون کی ہولی کھیلیں گے اور پھر غایب ہوجایں گے
اندھی یہ تصویریں ہیں اور گونگی یہ تحریریں ہیں
جو بویا تھا کل ہم نے سب اس کی تاثیریں ہیں
تلوے چاٹنے والوں کے تو پاس بڑی جاگیریں ہیں
محنت کرنے والوں کے ہاتھوں میں صرف لکیریں ہیں
آگے جو بڑھ سکتے ہیں اُن پیروں میں زنجیریں ہیں
رونے والی آہوں کی قسمت کو جو چمکایں گے
مقتل کی تاریک گھٹن میں حق کا علم اُٹھایں گے
غربت اور جہالت کے یہ دن بھی کبھی تو جایں گے
انسان جنہیں کہہ سکتے ہوں وہ لوگ کبھی تو آیئں گے
آج نہیں تو کل لیکن انصاف کبھی تو آئے گا
سانپوں کے اس زہر کا بھی تریاق کبھی تو آئے گا

ڈاکو چور لٹیروں کو جو سولی پر لٹکائے گا
پسا ہوا مزدور بھی جس دن وافر روٹی کھائے گا
سوچ رہا ہوں ایسا بھی اک سال کبھی تو آئے گا
سوچ رہا ہوں ایسا بھی اک سال کبھی تو آئے گا

عزیررشید

SHARE

LEAVE A REPLY