مشعل نئی نسل کے حوالے کر رہا ہوں، صدر جو بائیڈن کا قوم سے خطاب

0
741

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ قومی کو متحد کرنے کے لیے قیادت کی مشعل نئی نسل کے حوالے کر رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتے کے اختتام پر صدارتی الیکشن میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعد صدر بائیڈن نے بدھ کو قوم سے پہلی بار خطاب کیا جس میں انہوں نے قومی اتحاد پر زور دیا۔

جو بائیڈن وائٹ ہاؤس کے اوول آفس سے جس وقت خطاب کر رہے تھے اس وقت ان کے سیاسی سفر کو 50 برس سے زائد کا عرصہ گزر چکا تھا۔

خطاب میں امریکی صدر نے کہا،” میں اس آفس کی تعظیم کرتا ہوں۔ لیکن اس سے زیادہ مجھے میرے ملک سے محبت ہے۔”

اکیاسی سالہ صدر بائیڈن پر کئی ہفتوں سے ڈیموکریٹک پارٹی کے بعض ارکان کی جانب سے دباؤ تھا کہ وہ صدارتی دوڑ سے دست بردار ہو جائیں۔ لیکن ایک ماہ قبل تک وہ اس دباؤ کے باوجود انتخابی دوڑ کا حصہ تھے۔

واضح رہے کہ 27 جون کو صدر بائیڈن کا ری پبلکن پارٹی کے امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پہلا صدارتی مباحثہ ہوا تھا جس میں ان کی کارکردگی پر سوالات اٹھنا شروع ہو گئے تھے۔

ایک موقع ایسا بھی آیا تھا جب صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ صرف خدا ہی انہیں انتخابی دوڑ سے الگ ہونے کے لیے راضی کر سکتا ہے۔

البتہ بدھ کو اوول آفس میں خطاب میں صدر بائیڈن نے کہا کہ ’’میں نے آگے بڑھنے کے لیے بہترین راستے کا انتخاب کیا ہے جو نئی نسل کو مشعل سونپنا ہے۔ یہی قوم کے اتحاد کا بہترین راستہ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا دفاع کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے۔ انہیں امریکی عوام کے لیے کام کر کے طاقت اور خوشی ملتی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY