رثائی ادب کا ایک اور نقصان ، نیّر اسعدی چل بسے، ذیشان زیدی

0
973

دنیاے اردو خصوصا رثائی ادب پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی آہ ، نیّر اسعدی صاحب نے داعی اجل کو لبیک کہا . آج جب آنکھ کھلی تو دیکھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان و انڈیا سے چاہنے والوں کی پوسٹ تعزیتی کلمات سے بھری ہوئیں تھی. دل انتہائی غمگین ہوا . ابھی تو نصیر بھائی کا غم نہیں بھولے تھے
نیر اسعدی نے 15 جولائی 1954 کو کراچی کے ایک ادبی گھرانے میں آنکھ کھولی .والد کا اسم گرامی آغا محمد اصغر اور دادا مولانا احمد حسین جو علم ِ عروض کے ماہر تھے اور شعر کہتے تھے. نیر صاحب کے چھوٹے بھائی آغا اکرم علی بھی شاعر تھے. انہوں نے اپنی بیماری کے دوران آخری شعر کہا
جناں میں بھی سجے گی محفل مدح و ثنا اکرمؔ
خدا کی سربراہی میں ، محمدﷺ کی صدارت میں
اور 4 اگست 2001 میں اس محفل حمد و ثنا میں شرکت کے لیے نیر اور ان کے والد و دیگر اہل خانہ کو سوگوار چھوڑ گئے
آغا نیر علی اسعدی پاکستان کے ان چند سینئر مرثیہ گو شعرا میں شامل تھے جنہوں نے 70 کی دہائی میں مرثیہ کہا اور ڈاکٹر یاور عبّاس کے مشھور عشرہ مجلس میں سن 81 میں اپنا پہلا مرثیہ “زندگی” کے عنوان سے پیش کیا. فیض بھرتپوری کے شاگرد ہوے۔ آغا نیراسعدی ہر صنف سخن پر دسترس رکھتے تھے لیکن خاص طور پر سلام اور مرثیہ پر بے پناہ قوت صرف کرتے تھے . آغا نیر علی اسعدی نے 20 موضوعاتی مرثیے کہے ہیں جن میں سے 8 غیر مطبوعہ ہیں. جدید دور کے اساتذہ میں دیکھا جائے تو جناب ہلال نقوی اور قبلہ مرحوم قسیم امروہوی کے بعد نیر صاحب تیسری شخصیت تھے جو اساتذہ میں شمار ہوتے تھے
راہ ِ ُسخن میں مرثیہ اک پل ِ صراط ہے
ہر جنبش ِ قلم پہ یہاں احتیاط ہے
گو مرثیے سے میرا بہت ارتباط ہے
لیکن بساط ِ فن پہ مری کیا بساط ہے
جب سے رہ ِ انیس ِ ُسخن انتخاب کی
نیر کو چمک مل رہی ہے آفتاب کی
مصرعے رواں ہوں اور زباں ہو مری سلیسؔ
بندش بھی چست ہو،مرے مضمون بھی نفیسؔ
دولت ملے سخن کی تو ہو جاؤں میں رئیسؔ
کاغذ پہ ہو قلم مرا، مونسؔ مرا انیسؔ
یوں لو لگا کے شہر ُسخن کے رئیسؔ سے
پاتا رہوں میں فیض جناب انیسؔ سے
فیض ِ انیسؔ سے رہ ِ فن طے کروں میں یوں
ہر لمحہ زندگی کا فقط مرثیے کو دوں
پروردگار اتنے تو میں مرثیے کہوں
مشہور اپنے وقت میں مثل ِ انیس ہوں
یا رب مرا بھی مرثیہ خوانوں میں نام ہو
ورد ِ زباں ہر ایک کے میرا نام ہو
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
راہوں میں انتخاب ہے حیدرؑ کی رہگزار
سرعت میں انتخاب ہے حیدرؑ کا راہوار
میداں میں انتخاب ہے حیدرؑ کی کارزار
تیغوں میں انتخاب ہے حیدرؑ کی ذوالفقار
یہ ذوالفقار عدل کی پہچان ہو گئی
نسل ِ منافقین کی پہچان ہو گئی
جو بھی “توریت” میں لکھا ہے وہ پوچھو ان سے
جو کچھ “انجیل” میں دیکھا ہے وہ پوچھو ان سے
جو “زبور” اب پس پردہ ہے وہ پوچھو ان سے
جو بھی “قرآن” میں آیا ہے وہ پوچھو ان سے
آئینہ حق و صداقت کا دکھائیں گے علیؑ
حق کی تحریر کا مفہوم بتائیں گے علیؑ
سلام اور رباعیات بھی کمال کہی ہیں
اب عشق ِ کبریا کی کوئی انتہا نہیں
خنجر تلے بھی سجدہ ِ خالق قضا نہیں
یہ بات نوک ِ نیزہ پہ فرمائی شاہ نے
قرآن و اہلبیتؑ کہیں پر جدا نہیں
مرثیہ بعنوان “یقین” میں کہتے ہیں
پیش ِ نگاہ ِ زندہ حقیقت ہے کربلا
انسان دوستی کی علامت ہے کربلا
اسلام کی بقا کی ضمانت ہے کربلا
نانا کی اور نواسے کی حجت ہے کربلا
طفلی کا عہد راہ ِ شہادت پہ طے ہوا
یہ مرحلہ یقیں کی مسافت پہ طے ہوا
جدید عہد کے تحت اللفظ خواں ، محقق رثائی ادب فرحان رضا بھائی نے مجھے وٹس اپ میں ان کی ایک کمال بیت بھیجی تھی . اپنی تحریر میں لکھتے ہیں کہ مرثیہ میں چوتھا مصرع کی بڑی اہمیت ہوتی ہے جو کہ بیت کو اٹھانے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے، نیر صاحب کے مرثیوں میں آپ کو واضع طور پر نظر آیے گا کہ وہ چوتھے مصرعے اور پھر بیت کے لیے کتنی عرق ریزی کرتے ہیں. ان کی مشھور زمانہ بیت اور پورا بند حاضر ہے.
عبّاسؑ اورعلیؑ کی فضیلت میں فرق کیا
مقصد جہاد حق میں تو دونوں کا ایک تھا
حید رؑ نے فتح گر کیا خیبر کا معرکہ
عبّاسؑ نے فرات کو قبضہ میں کرلیا
خیبر کشا نے مال ِ غنیمت لیا نہیں
اور اس جری نے نہر سے پانی پیا نہیں
خیبر کے پس منظر میں ہی ایک اور بند دیکھیے ان کے مرثیے “کشکول” سے
جب در ِ علم نے بڑھ کر در ِ خیبر الٹا
ہاتھ اس وقت بہت مال ِ غنیمت آیا
اپنا دامن مرے مولا نے وہیں پر جھاڑا
اہل ِ لشکر کے مقدر کا ستارا چمکا
خشک سالی میں گرفتار جو کچھ سال ہوئے
تیغ ِ کرار کے صدقے میں وہ خوش حال ہوئے
اگلے مصرعے مرثیے “نعمت” سے ُحب ِ علیؑ کا جام پلاتے ہوئے
خطبہ ِ ُخم ِ غدیری کی ہے مصرعوں میں جھلک
افق فکر پہ ہے مہر ِ امامت کی چمک
بن گئے شاہ ِ ولایت جو تھے استاد ِ َملک
جشن برپا ہوا از فرش زمیں تا بہ فلک
بادہ ِ حب ِ علیؑ اہل ِ٘ زمیں پیتے ہیں
انتہا یہ ہے کہ جبریلؑ ِ امیں پیتے ہیں
مرثیہ “زبان” میں تلوار کا ذکر مصائب میں کیا ہے. تلوار فریاد کرتی ہے
علیؑ شہید ہوئے اور میں رہی خاموش
حسنؑ تڑپتے رہے اور میں رہی خاموش
خیام ِ شاہ ہٹے ، اور میں رہی خاموش
ستم کے تیر چلے اور میں رہی خاموش
ہے مجھ سے پھر بھی تقاضہ کہ حد ِ صبر بنے
میری زباں سے اک بے زباں کی قبر بنے
مجھے مدینے سے اس دن کو لاے تھے آقا
کہ بے زباں کی تربت بنا دوں واویلا
مدینے جاؤں گی کس منہ سے اے شہ والا
ہے منتظر وہاں اصغرؑ کی فاطمہ صغراؑ
مجھے تو شرم بہت آے گی مدینے میں
مجھے اتار دیں اب حرملہ کے سینے میں
مجال کیا جو آقا سے میں کلام کروں
میں کربلا کے محمد کا احترام کروں
مگر جو کم ہے میرا وہی میں کام کروں
کہ فوج ِ شام کا میدان میں قتل ِ عام کروں
لحد نہ مجھ سے بنائیں ، یہ کام لیں مولا
کہ بے زبان کا اب انتقام لیں مولا
اس مختصر تعارف کو نیر صاحب کے اس بند پر مکمل کرتے ہیں
کیا آگے لکھوں غم سے پھٹا جاتا ہے سینہ
ذکر ِ شہ مظلوم ہے فردوس کا زینہ
اس ذکر سے آیا مجھے جینے کا قرینہ
ہے مرثیہ مری بخشش کا سفینہ
اشکوں کے سمندر میں اسے کھیتا رہوں گا
میں فاطمہ زہراؑ کی دعا لیتا رہوں گا
ایک کامل شاعر ، جس نے بہت سے شعرا کی تربیت کی ۔ ایک اچھا منتظم جس نے فروغ مجالس مرثیہ کے لئے میدان عمل ہموار کئے رکھا ۔ ایک خوش مزاج اور شفیق انسان رخصت ہوا مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت ۔ یقینا نیّر بھائ افلاک سخن پر روشن رہیں گے ، اور کربلا والوں کے ساتھ محشور ہونگے۔ انکی شاعری کے دفتر ، مقبول بارگاہ مولا ہوں گے۔

آسمان مرثیہ گوئی کے نیر الوداع
مصطفیٰ کی آل کے اے یکتا شاعر الوداع
خُلد میں صفدر ہیں اہلِ علم ودانش منتظر
اور یہاں پر کر رہے انصار و یاور الوداع
صفدر ھمدانی

ذیشان زیدی

SHARE

LEAVE A REPLY