سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے ۱۱ اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلیئے ہیں
باوثوق ذرائع کے مطابق گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ہونے والی تین میٹنگز میں اصولی طور پر یہ فیصلہ کر لیا گیا تھا کہ تیس سے پینتیس پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کر لئے جائیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف کو اس بنیاد پر قائل کر لیا گیا ہے کہ اگر یہ طے ہے کہ پی ٹی آئی اور عدلیہ کے حالیہ اور ماضی کے فیصلوں کے خلاف سیاسی بیانیہ آگے بڑھانا ہے تو انتخابی میدان ہی سب سے بہتر جگہ ہے اور اس کے علاوہ یہ کہ کچھ چھوٹی سیاسی جماعتوں کے آگے پیچھے ہونے پر حکومت گرنے کا احتمال جاتا رہے گا اور عوام میں یہ تاثر زائل کرنے میں بھی مدد ملے گی کہ حکومت کہیں نہیں جا رہی بلکہ اپنے پاؤں مضبوط کر رہی ہے۔
ایک اہم پہلو یہ بھی زیر غور لایا گیا کہ ایسے لوگوں کے استعفے پہلے منظور کئے جائیں جو پی ٹی آئی کی طرف سے ہر وقت ٹی وی سکرینوں پر قبضہ کئے ہوئے ہیں تا کہ وہ اپنے حلقہ ہائے انتخاب میں مصروف ہو جائیں۔استعفوں کی منظوری میں ایسے حلقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جہاں پی ٹی آئی کے منتخب اراکین بہت کم اکثریت سے کامیاب ہو سکے تھے یا اب اس حلقہ انتخاب کے معروضی حالات پی ٹی آئی کے حق میں نہیں رہے۔












