: جیسے جیسے سیکریٹری خارجہ کی تعیناتی کے لیے حتمی اعلان کا وقت قریب آرہا ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ممکنہ اُمیدواروں کیلئے مشاورت کا آغاز تیز کردیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ عہدہ موجودہ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کے امریکی سفیر منتخب کیے جانے کی وجہ سے خالی ہورہا ہے جو واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کی جگہ لیں گے۔

یہ توقع کی جارہی تھی کہ امریکا میں موجودہ پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی فروری کے پہلے ہفتے میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے تاہم رپورٹس کے مطابق مارچ کے پہلے ہفتے میں طے شدہ اقتصادی تعاون کی تنظیم کانفرنس کے باعث اعزاز چوہدری کی روانگی میں معمولی سے تاخیر ہوسکتی ہے۔

تاہم ایک اہم ذرائع نے بتایا ہے کہ اعزاز چوہدری کے امریکا جانے میں تاخیر کے حوالے سے سرکاری طور پر ابھی کچھ بھی طے نہیں پایا ہے۔

خارجہ سیکریٹری کیلئے ممکنہ طور پر وزیراعظم کے سامنے 4 اُمیدوار ہیں جن میں ایک، بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط، فرانس کیلئے پاکستان کے سابق سفیر غالب اقبال، برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس اور جینوا میں اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی مستقل مندوب تہمینہ جنجوعہ شامل ہیں۔

وزیراعظم نے تاحال اس حوالے سے اپنی دلچسپی کا اظہار نہیں کیا ہے کہ ان کا ممکنہ اُمیدوار کون ہوسکتا ہے اور سرکاری ذرائع کا بھی یہی کہنا ہے کہ اس حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا۔

تاہم متعدد ذرائع نے تہمینہ جنجوعہ کو ممکنہ اُمیدوار قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ نئے سیکریٹری خارجہ کی تعیناتی کے حوالے سے حکومت کی جانب سے انتہائی محتاط رویہ اپنائے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY