فیصل واؤڈا کی نااہلی کے فیصلے کے بعد سینیٹ کی کراچی سے خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔
کس نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا؟
سندھ کی وزیرِ صحت عذرا پیچوہو نے سندھ اسمبلی میں پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔
ابتک کتنے ارکان نے ووٹ ڈالے؟
اب تک سندھ اسمبلی کے 25 ارکان نے اپنے ووٹ کاسٹ کر دیے ہیں۔
اراکینِ سندھ اسمبلی اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اسمبلی پہنچ رہے ہیں جو شام 4 بجے تک اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
ارکانِ سندھ اسمبلی کیلئے پُرتکلف ناشتہ
پیپلز پارٹی کے ارکانِ سندھ اسمبلی کے لیے پُرتکلف ناشتے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی کے احاطے میں عارضی کچن قائم کیا گیا ہے جہاں پُر تکلف کھانوں سے ارکان کی تواضع کی جا رہی ہے۔
سینیٹ کی اس نشست کیلئے کس کے درمیان مقابلہ؟
پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو اور پی ٹی آئی کے آغا ارسلان مدِ مقابل ہیں۔
ایم کیو ایم کا سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ
ایم کیو ایم پاکستان نے آج ہونے والے سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں آج کے سینیٹ انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی پہلے ہی بائیکاٹ کر چکی
پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ہی فیصل واؤڈا کی خالی نشست پر سینیٹ الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے اپنی اتحادی جماعتوں ایم کیو ایم اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے اس حوالے سے رابطہ کر کے ان سے بھی سینیٹ انتخاب میں حصہ نہ لینے کی سفارش کی گئی تھی۔
اس سے قبل فیصل واؤڈا کی دہری شہریت کے باعث نااہلی کے سبب خالی ہونے والی نشست پر آغا ارسلان کو پی ٹی آئی نے اپنے امیدوار کے طور پر کھڑا کیا تھا۔
سندھ اسمبلی میں کس پارٹی کے کتنے ارکان ہیں؟
سندھ اسمبلی میں ارکان کی کل تعداد 168 ہے، پی پی اراکین کی تعداد 99، پی ٹی آئی کے 30، ایم کیو ایم کے 21، جی ڈی اے کے 14، تحریکِ لبیک پاکستان کے 3 اور ایم ایم اے کا 1 رکن ہے۔
کامیابی کیلئے کتنے ووٹوں کی ضرورت؟
سینیٹ کے الیکشن میں کامیابی کے لیے امیدوار کو 85 ووٹوں کی ضرورت ہو گی۔
الیکشن کے لیے سندھ اسمبلی کے ہال کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے، صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔














