محبت کی آیت الکرسی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ڈاکٹر نگہت نسیم

0
305

محبت کی آیت الکرسی ۔۔۔

اے میرے خوش نفس ۔۔ میرے خوش نظر
میں تم سے
اپنی بے پناہ محبت کا اظہار کرتی ہوں
کائینات کوگواہ بناکر
اپنی وفائیں تم سے منسوب کرتی ہوں
اے میرے خوش کلام
میری محبت نے تمہیں قبول کیا جیسے بھی تم ہو
میرے لئے تم ہمیشہ تم ہی رہو گے جیسے بھی تم ہو
سنو ۔۔۔۔ اے میرے خوش فکر
مجھے تم سے
ایسا کچھ بھی نہیں چاہیئے جو بہت اچھا ہو
بھلا تمہاری محبت سے زیادہ کیا اہم ہو سکتا ہے
تمہاری دلداری سے بڑی اور کیا نعمت ہو سکتی ہے
میں وعدہ کرتی ہوں اے میرے خوش خیال
میں ہر پل تمہاری ہمسفر رہوں گی
ہر اچھے برے وقت ہاتھ تھامے رہوں گی
تمہاری خفگی میری سر آنکھوں پر رہے گی
تمہاری تھکن بھی ہنس کر بانٹ لوں گی
میں جانتی ہوں میرے خوش رو ۔۔
تم میری محبت کافخر بن کر میرے ساتھ چلو گے
میرے غمگسار ۔۔۔ سدا میرے دلدار رہو گے
میں تم سے وعدہ کرتی ہوں
تمہاری پرانی رفاقتوں کی کوئی تفصیل کبھی نا لونگی
جو بھی تمہارا ماضی رہا اس کی بابت سوال نا کرونگی
اے میرے خوش سخن
تم سے ایک بات کہنا چاہتی ہوں ۔
مجھے تمہاری بہت ضرورت ہے ۔۔۔ کل بھی رہے گی
بس ۔۔ تمام عمر مجھ پر یقین رکھنا ، میرااعتبار کرنا
میرے آج میں کبھی میرے کل کو مت کھوجنا
سنو ۔۔ میرے خوش جمال
میں تمہاری آنکھوں میں اپنے خواب رکھنا چاہتی ہوں
میں اپنی باقی عمر تمہارے پہلو میں بسر کرنا چاہتی ہوں
میں تمہارے ساتھ جینا ، تمہارے ساتھ مرنا چاہتی ہوں
کیا تم بھی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ میرے خوش کلام
کیا تم بھی ۔۔۔۔ ؟

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY