لاہور ہائیکورٹ میں فرح خان کو نیب نوٹسز جاری کرنے کیخلاف دائر متفرق درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کو نیب نوٹس جاری کرنے کیخلاف متفرق درخواست پر جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے سامنے سماعت ہوئی۔
جسٹس انوار الحسن پنوں نے وکیل سے استفسار کیا کہ یہ فرح کون ہے؟۔ وکیل نے بتایا کہ سر یہ وہی ہے۔ جج نے دوبارہ پوچھا کہ وہی تو ہے لیکن کون ہے؟،۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ یہ اپنے آپ کو کبھی فرح خان اور کبھی فرح شہزادی لکھتی ہیں۔
جسٹس باقر نجفی نے وکیل سے استفسار کیا کہ ان کا مسئلہ کیا ہے؟، فرح خان کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ گوجرانولہ میں ہاؤسنگ سوسائٹی قانون کے مطابق بنائی گئی، نیب غیرقانونی طور پر نوٹسز جاری کررہا ہے۔
عدالت عالیہ نے نیب پراسیکیوٹر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 مئی تک ملتوی کردی۔












