سرور بارہ بنکوی کی پیدائش

٭ اردو کے ممتاز شاعر، فلم ساز اور ہدایت کار جناب سرور بارہ بنکوی کااصل نام سعید الرحمن تھا۔ وہ 30 جنوری 1919ء کو بارہ بنکی (یو پی۔بھارت) میں پیدا ہوئے تھے۔
قیام پاکستان کے بعد پہلے کراچی اور پھر ڈھاکا میں سکونت اختیار کی۔جہاں انہوں نے فلم تنہا کے مکالمے لکھ کر اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا اور پھرچندا، تلاش، ناچ گھر، کاجل ، بہانہ، ملن، نواب سراج الدولہ، تم میرے ہو، آخری اسٹیشن،چاند اور چاندنی، احساس، سونے ندیا جاگے پانی اور کئی دیگر فلموں کے نغمات لکھے جو بہت مقبول ہوئے اسی دوران انہوں نے تین فلمیں آخری اسٹیشن، تم میرے ہو اور آشنا پروڈیوس اور ڈائریکٹ بھی کیں۔
آخری دنوں میں وہ بنگلہ دیش کے اشتراک سے ایک فلم ’’کیمپ 333‘‘ بنانا چاہتے تھے۔ وہ اسی سلسلے میں ڈھاکا گئے ہوئے تھے کہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث 3 اپریل 1980ء کو ڈھاکا میں وفات پاگئے۔ ان کا جسد خاکی کراچی لایا گیا جہاں وہ سوسائٹی کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔
سروربارہ بنکوی کے دو شعری مجموعے سنگ آفتاب اور سوزگیتی کے نام سے اشاعت پذیر ہوچکے ہیں۔
———————————–

علامہ تاجور نجیب آبادی کی وفات

٭30 جنوری1951ء کو لاہور میں اردو کے مشہور شاعر اور ادیب شمس العلماء علامہ تاجور نجیب آبادی کا حرکت قلب بند ہوجانے سے انتقال ہوگیا۔
علامہ تاجور نجیب آبادی کا اصل نام احسان اللہ خان درانی تھا اور وہ 1890ء میں یوپی کے مقام نینی تال میں پیدا ہوئے تھے تاہم اپنے وطن نجیب آباد کی نسبت سے نجیب آبادی کہلاتے تھے۔ تاجور نجیب آبادی مخزن لاہور، ادبی دنیا لاہور اور شاہکار لاہور کے مدیر رہے تھے اور دیال سنگھ کالج لاہور میں تدریس کے شعبہ سے وابستہ تھے۔
علامہ تاجور نجیب آبادی لاہورمیں میانی صاحب کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔
————————————

خلیفہ عبدالحکیم کی وفات

٭ پاکستان کے نامور فلسفی، محقق، ماہر اقبالیات، مترجم اور مصنف خلیفہ عبدالحکیم یکم جولائی 1893ء کو لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے سینٹ اسٹیفنز کالج دہلی سے ایم اے (فلسفہ) اور ہائیڈل برگ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ قیام پاکستان کے بعد وہ ادارہ ثقافت اسلامیہ کے ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہوئے۔
خلیفہ عبدالحکیم کی تصانیف میں افکار غالب، حکمت رومی، تشبیہات رومی، فکر اقبال اور داستان دانش کے نام سرفہرست ہیں۔
خلیفہ عبدالحکیم 30 جنوری 1959ء کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے

وقار زیدی ۔ کراچی

SHARE

LEAVE A REPLY