تحریک ناانصاف بھی عوام کو بیوقوف سمجھتی ہے۔ صفدر ھمدانی

2
1196

ہم نے تو عمر عزیز کے سات عشرے گزارے ہیں لیکن جو لوگ ہم سےبہت زیادہ عمر کے ہیں اور قیام پاکستان سے اب تک کی ہر حکومت دیکھ چکے ہیں انکا بھی کہنا کہ پاکستان کی ہر حکومت کی طرح عمران خان کی تحریک انصاف کی حکومت جو عملی طور پر تحریک ناانصاف کی حکومت ہے وہ بھی ہر شعبے اور ہر قدم پر عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے اور اسکی نفسیات حکومتوں کی یہ سوچ ہے کہ عوام ہوتے ہی بے وقوف ہیں اور معاف کیجئے گا پاکستان کے عوام نے ووٹ کے ذریعے کسی بھی حکومت کا احتساب نہ کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ظالم کے خلاف باہر نہ نکل کر ظلم کی حمایت کرتے ہیں اور ایسے میں اگر اقتدار کے نشے میں دُھت حاکم انکو بے وقوف سمجھتے ہیں تو کوئی غلط بات بھی نہیں

غربت کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن خاموش، استطاعت سے زیادہ بل دے رہے ہیں لیکن خاموش، پٹرول روز بروز مہنگا ہو رہا ہے لیکن خاموش، چینی صرف آدھا کلو لینے کے لیئے روزہ رکھ کر بھی لائن میں کھڑے ہیں لیکن خاموش، دوائی کی قیمت دو سو فیصد تک زیادہ دے رہے ہیں لیکن خاموش،آٹا ایسا مہنگا کہ کئی گھروں میں روٹی کی صرف شکل دیکھی جاتی ہے لیکن خاموش،عوام کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی ڈال دیا گیا لیکن خاموش،،،،،اب ایسی خاموشی کا مطلب ظالم اور ظلم کی حمایت کرنا نہیں تو اور کیا ہے

ایسے میں قرآن پاک کی اس آیت کی صداقت ہر طرف نظر آتی ہے کہ پھر ہم تم پر تم جیسے حکمران مسلط کر دیتے ہیں

اب حال میں تحریک لبیک پاکستان کا معاملہ سامنے آیا تو حکومت نے ہر ہر قدم پر جھوٹ کا سہارا لیا اور افسوس تو اس بات کا کہ اس بلیک میلنگ کرنے والی تنظیم سے کیا گیا کوئی ایک معاہدہ بھی نہ عوام کے سامنے لایا گیا اور نہ ہی قومی اسمبلی میں عوامی نمائیندوں کے سامنے۔ ملک کے وزیر اعظم کو اہم سے اہم معاملے پر بھی اسمبلی میں آکر اراکین کو اعتماد میں لینے کی توفیق نہیں، اس رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس اسمبلی کو کیا اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے فساد پھیلانے والے دو اہم لوگوں میں اسے ایک کو دوبارہ وزیر اطلاعات بنا دیا ہے دوسرے اسمبلی میں ایک نشست والے کو ملک کا وزیر داخلہ بنا دیا ہے۔ یہ ہیں فواد چوہدری اور شیخ رشید۔

تحریک لبیک پاکستان کے معاملے میں دھرنوں سے لیکر پولیس والوں کے اغوا، عام لوگوں کے قتل،ملکی پراپرٹی کو نقصان پہنچانے اور پھر اسی تحریک کو دہشت گرد قرار دینے اور دہشت گردوں سے ایک بار پھر مذاکرات کر کے ایک اور نیا معاہدہ کرنے کی کوئی ایک چیز بھی واضع طور پر عوام کے سامنے نہیں لائی گئی

قصہ کوتاہ یہ کہ شیخ رشید اور مذاکراتی ٹیم نے تحریک لبیک سے وعدہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے فرانس کے سفیر کو نکالنے کے حوالے سے اور پھر حکومت ایک مرتبہ پھر عوام کو دھوکہ دینے کے لیئے اسے مسلسل ناموس رسالت کا بل کہتی رہی کہ ظاہر ہے کوئی مسلمان بھی اس کی مخالفت نہ کر پائے گا۔ اس پر طرہ یہ کہ اس بار بھی جو معاہدہ کالعدم قرار دی گئی بقول انکے دہشت گرد جماعت سے جو معاہدہ ہوا وہ بھی اسمبلی کے سامنے پیش نہ کیا گیا اور اس اہم ترین مسلے پر بھی ایوان کو اعتماد میں لینے کے لیئے جمہوریت اور انصاف کے نعرے لگانے والے عمران خان اسمبلی میں نہ آئے

سب سے بڑی شاطرانہ چال یہ چلی گئی کہ یہ قرارداد کسی سرکاری وزیر نے پیش نہیں کی جسکا مطلب یہ ہوا کہ یہ حکومت کی قرار داد نہیں بلکہ اسے ایک رکن اسمبلی نے پرائیویٹ ممبر کے طور پر پیش کی جسکا بظاہر مطلب یہ ہے کہ حکومت نہ تو اس پر عمل کی پابند ہے اور نہ ہی دل سے اسکی حمایت کرتی ہے

ابھی تو ملتوی شدہ قومی اسمبلی کا اجلاس جمعے کو دوبارہ ہو گا لیکن اس سے قبل کی شاطرانہ چال چلتے ہوئے  حکومت نے کہنا شروع کر دیا ہے کہ

فرانس کے سفیر کو نکالنے کی قرارداد کا حکومت سے تعلق نہیں

میں اس بد عہدی، وعدہ شکنی اور حکمت ابن زیاد پر اپنی ذاتی رائے دینے سے اجتناب کرتا ہوں لیکن ذرائع ابلاغ میں اس موضوع پر سامنے آنے والی تفصیل آپکی خدمت میں من و عن پیش کرتا ہوں اب نتیجہ بھی آپ خود ہی نکالیں

،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،،

پاکستان کی وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنا نہیں چاہتے۔ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی قرارداد منظوری کے بعد بھی حکومت کو اس عمل کا پابند نہیں کرتی۔

اسلام آباد میں غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو خصوصی بریفنگ میں وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری، وزیرِ داخلہ شیخ رشید اور وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی قرارداد ایک رکن کی ذاتی رائے ہے جس سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں۔

منگل کو حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رکن نے ذاتی حیثیت میں فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے کے حوالے سے قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی تھی جس پر بحث اور پارلیمان سے منظوری ابھی باقی ہے۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے واضح کیا کہ حکومت کا اس معاملے پر مؤقف وہی ہے جو وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بیان کیا ہے کہ فرانس کے سفیر کو نکالنا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی قرارداد یہ نہیں کہتی کہ سفیر کو ملک سے نکال دیا جائے۔ بلکہ اس کا متن ہے کہ فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے کے معاملے پر بحث کی جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد کیا ہے اور اب حکومت کو مزید کچھ نہیں کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے کے حوالے سے قرارداد پارلیمان میں ہے جب کہ مقدمات کے حوالے سے مذہبی جماعت کی قیادت عدالتوں سے رجوع کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ایل پی کا مطالبہ ہے کہ ملک سے فرانس کے سفیر کو نکالا جائے جس پر احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث ملک کے بعض علاقے متاثر رہے۔ احتجاج کو ختم کرنے کے لیے حکومتی وزرا نے مذہبی جماعت کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کیے اور معاہدے میں طے پایا کہ فرانس کے سفیر کو ملک سے نکالنے کی قرارداد پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔

ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدے کے سوال پر وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ امن و امان اور عوام کی حفاظت کے پیشِ نظر ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدہ کیا۔ تاہم اس عمل میں حکومت نے اپنی پوزیشن پر سمجھوتہ نہیں کیا ہے اور قانون کے تحت دیا گیا راستہ اپنایا گیا ہے۔

وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ خارجہ پالیسی خالصتاََ حکومت کا اختیار ہے جس پر پارلیمنٹ رائے دے سکتی ہے جسے قبول کرنا یا نہ کرنا حکومت کا استحقاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرارداد کے پارلیمنٹ سے منظوری کی صورت میں فرانس کے سفیر خود بخود ملک بدر نہیں ہو جائیں گے۔ بلکہ اس پر فیصلہ حکومت نے لینا ہے۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے قواعد کے مطابق اس قرارداد پر منظوری سے پہلے بحث کی جائے گی۔ کوئی اور رکن بھی اس حوالے سے نئی قرارداد لا سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سفارتی عملے کا کسی ملک سے چلے جانا ایک معمول کا عمل ہے اور فرانس کی پاکستان میں اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کو زیادہ بڑھا چڑھا کر بیان نہیں کیا جانا چاہیے۔

وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کالعدم تحریک لبیک (ٹی ایل پی) پر پابندی برقرار ہے تاہم وہ اس معاملے پر وزارتِ داخلہ کو نظرِ ثانی کی درخواست دے سکتے ہیں جس پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کی مرکزی قیادت اور ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث کارکنوں کو رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔ البتہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے قانون کے تحت گرفتار 669 افراد کو رہا کیا گیا ہے۔

وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ کئی روز تک جاری رہنے والی ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار ہلاک جب کہ 800 اہلکار زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق ٹی ایل پی کے آٹھ کارکن بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ انہوں نے وزیرِ مذہبی امور نور الحق قادری کے ہمراہ ٹی ایل پی کی مجلس شوریٰ سے مذاکرات کیے جس کے بعد ملک بھر میں احتجاج اور دھرنے ختم کیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مذاکرات کا راستہ اشتعال انگیزی سے بچنے کے لیے اپنایا کیوں کہ امن و امان کا خراب نہ ہونا عوام کے مفاد میں ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی قرارداد ابھی منظوری کے عمل میں ہے اور ضروری نہیں ہے اس پر رائے شماری ہو۔ بلکہ اسپیکر اسے خارجہ امور کی کمیٹی کو بھی بھیج سکتے ہیں۔

وزیرِ داخلہ نے فرانس کے سفارتی عملے کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے معاملات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاملات میں بگاڑ مذہبی جماعت کے سربراہ سعد رضوی کی گرفتاری کے باعث نہیں پیدا ہوا۔ بلکہ مذاکرات میں تعطل ان کی گرفتاری کی وجہ بنا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی مذاکرات کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کے پیغامات جاری کر رہی تھی اور حکومت وفاقی دارالحکومت میں ہجوم کا جمع ہونا برداشت نہیں کر سکتی تھی جس بنا پر رہنماؤں کی گرفتاری پر مجبور ہوئے۔

صفدر ھمٰدانی

SHARE

2 COMMENTS

  1. بہترین تجزیہ
    پاکستان کے تلحق حقائق
    اللہ پاک ہم سب رحم فرمائے

LEAVE A REPLY