این اے 240 کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب ہو گئی، تحریک لبیک کیساتھ کانٹے دار مقابلہ ہوا، ضمنی الیکشن میں ٹی ایل پی نے دوسری پوزیشن حاصل کی، مہاجر قومی موومنٹ، پیپلز پارٹی (پی پی پی)، پاک سر زمین (پی ایس پی) نے بالترتیب تیسری، چوتھی اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ پولنگ کا ٹرن آؤٹ 10 فیصد سے بھی کم ہے۔
خیال رہے کہ 2018 ء کے جنرل الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان کے اقبال محمد علی خان نے 61 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی، ٹی ایل پی نے 30 ہزار سے ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن پر قبضہ کیا تھا جبکہ تحریک انصاف 29 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر تیسرے نمبر پر آئی تھی۔












