پاکستان پیپلز پارٹی بھی نئے الیکشن پرانی مردم شماری کی بنیاد پر کرانے پر رضامند نظر آنے لگی، صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ الیکشن 2017 کی مردم شماری اور 2022 کی حلقہ بندیوں کی بنیاد پر ہو سکتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اگر نئی مردم شماری کی بنیاد پر الیکشن پر زور دیا گیا تو اکتوبر یا نومبر میں الیکشن ممکن نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کو مردم شماری کے نتائج میں تاخیر کا ذمہ دار قرار دینا درست نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا تھا کہ آئندہ الیکشن 2017 کی مردم شماری کے مطابق ہی ہوں گے کیونکہ نئی حلقہ بندیوں کیلئے وقت نہیں بچا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ صوبوں کی درخواست پر مردم شماری کا وقت بار بار آگے بڑھانا پڑا اس لیے اب نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں ممکن نہیں ہیں، اس میں مزید چار ماہ لگ سکتے ہیں۔












