پاکستان تحریک انصاف لاہور کے سینئر نائب صدر رانا جاویداقبال نے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف لاہور کے سینئر نائب صدر رانا جاویداقبال نے استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمودسے ملاقات کی ، اورپارٹی پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود نے رانا جاوید اقبال کو پارٹی مفلر پہنا کرساتھیوں سمیت خوش آمدید کہا۔
رانا جاوید اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم سب بہتری کے خواہاں ہیں ،استحکام پاکستان پارٹی ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ویژن پر گامزن ہے۔
انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ دلخراش اور ہر محب وطن کے لئے تکلیف دہ ہے، ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،اپنے اداروں اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں،ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے ناکام ہوں گے۔
اس موقع پر میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ مزید خوشخبریاں ملیں گی،جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قیادت میں انشاء اللہ ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔












