کوہساروں کی سرزمین بلوچستان، روما رضوی‎‎

2
969

پاکستان کا صوبہ بلوچستان جہاں بظاہر عوام کی تعداد کم اور رقبہ کہیں زیادہ ہے۔۔ اپنی جغرافیائی حدود کی بنیاد پر بہت اہمیت کا حامل ہے۔۔۔۔ وکی پیڈیا پر موجود معلومات کے مطابق ۔۔
“بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، جس کا رقبہ 347190 مربع کلو میٹر ہے یعنی جو پاکستان کے کل رقبے کا 43.6 فیصد حصہ بنتا ہے جبکہ اس کی آبادی 1998ءکی مردم شماری کے مطابق 65 لاکھ 65 ہزار885 نفوس پر مشتمل تھی جس میں یقیناً اضافہ ہوچکا ہوگا۔۔
قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان محل وقوع میں اہم ترین صوبہ ہے مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اقوام متحدہ کے حالیہ سروے کے مطابق بلوچستان دنیا کے پسماندہ اور غریب ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے اس کے شمال میں افغانستان، صوبہ خيبر پختون خواہ، جنوب میں بحیرہ عرب، مشرق میں سندھ اور پنجاب جبکہ مغرب میں ایران واقع ہے۔”
صوبہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ کا نام ذہن میں آتے ہی کوئٹہ ریزیڈنسی کا نام ذہن میں آنا لازمی ہے. اور ایسا کیوں ہے؟
کیونکہ ہم نے اپنی ابتدائی جماعتوں سے ہی قائداعظم کی حالات زندگی سے متعلق تمام اسباق و مضامین میں اس ریزیڈنسی کے متعلق اکثر پڑھا ہے۔۔
شاید یہی دلچسپی تھی جو بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں قیام کے دوران بار بار ذہن میں اس اشتیاق کو بڑھا رہی تھی کہ کسی طرح سے ضلع زیارت میں موجود ریزیڈنسی تک جایا جائے اور اس کا نظارہ سامنے کھڑے ہو کر کیا جائے ۔۔ مگر اتفاقیہ ہمارا جانا اس دن ہوا کہ جب قائداعظم ریزیڈنسی میں تعطیل کا دن تھا.
عمارت میں داخلہ اور میوزیم مکمل طور پر بند تھا ۔
سفر کا آغاز علی الصبح کیا ۔۔
بلوچستان جانے کے لیے براستہ موٹر وے لاہور سے پہلے سکھر پہنچے۔۔ ایک رات دریائے سندھ کے نزدیک سکھر بیراج پر موجود ایک قیام گاہ میں گزاری۔۔
صبح صبح ہماری روانگی کوئٹہ کی جانب تھی. راستے میں کئی شہروں کو دیکھتے ہوئے جن کا صرف تذکرہ ہی سنا تھا ۔۔کئی بائی پاسز کو عبور کرتے اور خوبصورت سڑکوں کا نظارہ کرتے ہوئے۔۔ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں داخل ہوئے ۔۔ اور جب سنگلاخ پہاڑوں کی کشادہ سرزمین نے ہمارا استقبال کیا ۔۔ کوہساروں کے درمیان پہاڑوں کی آغوش میں بذریعہ سرنگ داخل ہوتے اور اندھیرے سے اجالے کا سفر بہت دلچسپ محسوس ہوا ۔۔
بلوچستان کی خاموش مگر صاف ستھری خوبصورت شاہراہیں سامنے تھیں. پہاڑوں کی بلندی ان پر موجود ترتیب وار چٹانوں کے درمیان گزرتے لینڈ سلائیڈ کا خوف بھی محسوس ہوا ۔۔ لیکن اللہ کا کرم رہا کہ بحفاظت اس منزل سے بھی آگے بڑھتے چلے گئے۔
باوجود سناٹے اور سنسان سڑکوں کے اس وادی میں امن و امان اور سکون کا ماحول غالب نظر آتا تھا.
بلوچستان کے متعلق سنی بے شمار خبریں یاد آئیں ۔۔ لیکن ظاہراً ویسی بے چینی یا بے اطمینانی کا سامنا نہ ہوا۔۔
صوبہ سندھ سے سفر کا آغاز کا اختتام شام کے آخری پہر کوئٹہ میں ہوا۔۔ کوئٹہ شہر کئی پڑوسی ممالک کی مداخلت کے باعث مسائل کا شکار رہا ہے ۔۔مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہاں ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد نے عوام کی بہتری کے آثار پیدا کردیئے ہیں ۔۔ خوش آئند بات یہ نظر آئی کے اب بیشمار اداروں میں خواتین کی نمائندگی بھی خاطر خواہ نظر آنے لگی ہے۔۔ پختون برادران خوش اخلاق اور مہمان نواز ہیں ۔۔
شہر کوئٹہ کی مصروف شاہراہ زرغون روڈ پر موجود سیرینا کے گرد خاصی چہل پہل اور رونق نظر آتی رہی۔۔۔ اندرون شہر سیر کے دوران وہاں بنے نئے شاپنگ سینٹرز بھی دیکھنے میں آئے۔۔۔ یہاں کی مشہور سجی جو صرف نمک لگا کر بنائی گئی تھی انتہائی خوش ذائقہ اور یاد رہ جانے والی غذا ہے ۔۔ بلوچ برادران رقص و موسیقی کے بھی دلدادہ ہیں ۔۔ زندہ قومیں یقیناً اپنی ثقافت و روایات کی پاسداری کرتی ہیں..
شہر کی سیر کے دوران ڈرائیور کی رہنمائی پر کچھ سوغات خریدیں جن میں ترکش قالین اور افغانی ہاتھ کے بنے ہوئے ریشمی قالین شامل تھے ۔۔ پاکستانی/ بلوچی سلک کے قالین جن کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے وہ بہت قیمتی یعنی بیش قیمت سمجھے جاتے ہیں ۔
دوسرے دن زیارت کے لئے سفر کا آغاز کیا جو محض تین گھنٹے کا سفر تھا بظاہر اتنا طویل تو نہیں تھا۔۔ مگر غیر آباد علاقوں اور سنسان پہاڑوں کے درمیان سے گزرتا ہوا راستہ اور غیرمانوس چہروں اور اجنبی لوگوں سے جب آپ کا واسطہ پڑتا ہے تو کچھ دیر کو یہ بات ذہن میں ضرور آتی ہے کہ یہ علاقہ کبھی نہ کبھی طالبان کا ٹھکانہ رہا ہے۔ یا ان پہاڑوں میں کبھی دہشت گرد بھی پوشیدہ تھے.۔۔ اس وقت انجانے اندیشے دل کو پریشان کرتے ہیں ۔۔.
تین گھنٹوں کا سفر مکمل ہوا رہائشی علاقے کے آثار نظر آنے لگے۔
یاد رہے کہ زیارت سرسبز و شاداب جنگلات اور باغات کے درمیان موجود ایک وادی ہے جسکے چاروں طرف رس بھرے سیبوں کے باغات نظر آتے ہیں. فی الوقت یہ سیب سبز نظر آرہے تھے مگر ان میں سے کچھ میں گلابی رنگ بھی جھلک نظر رہا تھا ۔۔
اور ایسے میں ان سیبوں, خوبانیوں اور آڑو کے باغات کو دیکھتے ہوئے خوشحال پاکستان کا تصور خوشی کا باعث بنتا رہا
. ہاں یہ بتانا تو بھول ہی گئی کہ ان کوہساروں کے اطراف لیونڈر کے ننھے منے اور نازک نیلے پودے بھی اس وادیِ کی رونق بڑھاتے نظر آرہے تھے۔۔ مجھے یوں لگا رہا تھا کہ لیونڈر کے ان پودوں سے وادی روز و شب مہکتی ہوگی۔
انہیں قریب سے دیکھنے اور ہاتھ لگانے کے لئے کار روکنا مشکل تھا کیونکہ رات ہونے سے پیشتر ہم کوئٹہ واپس پہنچنا چاہتے تھے یہاں اطراف میں کسی اسٹریٹ لائٹ یا بتی کے کھمبوں کے آثار بھی نظر نہیں آتے تھے۔۔
اس دوران گوگل میپ کی مدد سے سفر طے ہوتا رہا اور ہم اس کے موجد کو خوشدلی سے اچھے الفاظ میں یاد کرتے رہے ۔۔
اس پورے سفر میں بیشمار خیمہ بستیوں اور کچے پکے مکانوں سے سجے رہائشی علاقے بھی نظر آئے جن میں مکینوں کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔۔ جانوروں کے باڑے اور گھاس چرتے ہوئے بھیڑ بکریاں دکھائی دیں جس سے اندازہ لگایا کہ ان بستیوں کا ذریعہ زراعت اور معاش گلہ بانی ہی ہوگا ۔۔
بلندی پر پہنچ کر وادی زیارت کے آثار نظر آئے جس میں داخل ہوتے ہی ایک چھوٹے سے پر رونق بازار سے گزرنا ہوا۔ اس خوبصورت رنگین بازار کے اطراف میں طرح طرح کی دوکانیں تھیں اور ہر دوکان پیلے نیلے, لال, ہرے, سبز اچھے اچھے خوبصورت اور شوخ رنگوں میں رنگی گئی تھی۔۔. شائد یہاں آنے والے ٹورسٹ خواتین حضرات کی دلچسپی کے لیے انہیں اتنا دلکش رنگ دیا گیا ہے.۔
کوئٹہ میں درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری فارن ہائیٹ تھا مگر زیارت پہنچتے ہی بارش کی ننھی بوندوں نے خوشگوار موسم میں خنکی کو بڑھا دیا سرد ہواوں بے یوں استقبال کیا کہ گرم کپڑوں کی کمی محسوس ہونے لگی۔
۔۔یوں سمجھئے کہ چڑھائی چڑھتے چڑھتے بتدریج ٹمپریچر یعنی درجہ حرارت گر رہا تھا.
سرخ چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے اسکول سے واپس آنے والے کئی بچوں نے سوئٹرز پہن رکھے تھے۔۔
چند ہی لمحوں میں سبز رنگ سے سجی ایک عمارت جس کے احاطہ میں قائد کا مجسمہ موجود تھا نظروں کے سامنے تھی ۔۔
یہ کوئٹہ ریزیڈنسی تھی جہاں ایف سی کے نوجوان عملے نے تعطیل کا اعلان دکھاتے ہوئے کہا کہ آپ باہر سے تصاویر لے سکتے ہیں۔۔
ریزیڈنسی کی اس عمارت میں جو چاروں طرف سے سبز سلاخوں کے احاطے میں بند ہے۔۔ میں قومی پرچم ایستادہ نظر آرہا تھا ۔
عجیب بات یہ ہے کہ سنگلاخ چٹانوں اور آسمان کو چھوتے ہوئے پہاڑوں کے درمیان یہ سرسبز و شاداب وادی ایک الگ ہی خطہ محسوس ہوتی ہے۔۔ گرم اور خشک پہاڑوں سے کچھ ہی فاصلے پر جونیپر / صنوبر کے سر سبز جنگلات اور سیب کے باغات میں گھری پہاڑیوں کے دامن میں آباد وادی زیارت ان پہاڑوں کے حسن میں اضافہ کرتی نظر آتی ہے۔
اس وادی میں موجود زیارت ریزیڈینسی قائد اعظم محمد علی جناح کی عارضی رہائش گاہ کے طور پر جانی جاتی ہے۔۔

بانیء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح 1948 میں 70 دنوں یعنی دو ماہ سے کچھ زائد عرصے کے لئے اپنی بیماری کے دوران تبدیلی آب و ہوا کی غرض سے اپنی بہن محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ اس ریزیڈینسی میں مقیم رہے ۔۔
1986 میں ، سبی ضلع کی سب تحصیل ہونے کے بعد ، اس چھوٹے سے قصبے زیارت کو ضلع کا درجہ دے دیا گیا ۔۔
زیارت ، جس کے لفظی معنی ایک زیارت گاہ کے ہیں ،اس کا نام 18 ویں صدی کے صوفی بزرگ بابا خرواڑی کے مزار کے نام پر رکھا گیا ہے بابا خرواڑی کا اصل نام مُلا طاہر سنا جاتا ہے۔
(وکی پیڈیا) ۔۔
بابا خرواڑی کے مزار پر عقیدت مندوں کی آمد و رفت کے باعث یہ جگہ کئی صدیوں سے صوبہ بلوچستان کا ایک جانا پہچانا علاقہ ہے ۔۔
وادی زیارت کی دوسری بڑی وجہِ شہرت اس میں جنگل اور باغات کا ایک انوکھا سر سبز و خوشگوار ماحولیاتی نظام ہے ۔
وادیء زیارت میں موجود جونیبر /صنوبر کا قدیم جنگل دنیا میں پائے جانے والے تین قدیم ترین صنوبری جنگلات میں سے ایک ہے۔
یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ بلوچستان کا یہ پرفضا مقام زیارت ایک ایسا مقام ہے جہاں پر موجود جونیپر نسل کے طویل القامت درختوں کے جنگلات دنیا میں دوسرے نمبر پر آتے ہیں۔ بلوچستان کے شہر زیارت میں جونیپر کے جنگلات گویا زمین کی تہوں سے نکلتا قدیم مگر انمول خزانہ ہیں۔۔
جو کہ تقریباً 51 ہزار 3 سو ہیکٹر پر پھیلے ہوئے ہیں، جونیپر کا درخت سال میں چند سینٹی میٹر ہی بڑا ہوتا ہے۔ (وکی پیڈیا)
ایک اندازے کے مطابق یہ جنگلات ہزاروں سال پرانے ہیں ۔۔۔ ایک لکھنے والے نے یہاں تک لکھ دیا ہے کہ
“ان جنگلات میں موجود بیشمار درختوں نے یقیناً حضرت عیسیٰ، حضرت موسیٰ بلکہ حضرت ابراہیم کا زمانہ بھی دیکھا ہوگا۔”
اگر آپ زیارت نہ بھی گئے ہوں مگر مجھے یقین ہے کہ اس علاقے کا نام سنتے ہی اپنے بچپن میں بارہا دہرائے گئے ان اسباق کی یاد تازہ ہوجاتی ہو گی کہ جن میں ہمارے محبوب قائد کی زندگی کے حالات تحریر کئے گئے ہوں ۔۔ یہ وہی جگہ ہے کہ جہاں بانیِ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی بیماری کے آخری ایام گزارے تھے۔۔۔اس صحت افزاء مقام کا انتخاب یقینا ً سوچ سمجھ کر کیا گیا ہوگا ۔۔
اس وادی کے بالائی حصے اپنی فطری خوبصورتی ، دلکش صنوبر کے جنگلات ، خوبصورت پہاڑی چوٹیوں ،بہت ہوئے شفاف چشموں اور رواں دواں ندیوں سے آراستہ ہیں ۔
صنوبر کے ان قدیم درختوں کے تنے یوں محسوس ہوتا ہے کہ انسانی ہاتھوں پر ابھری رگوں کی طرح بیشمار نازک درختوں کے جڑنے سے بٹے ہوئے ایک موٹے رسے کی طرح نظر آتے ہیں ۔
یہ درخت عمر رسیدہ ہونے اور اپنے طویل قامت ہونے کے باوجود مستعد اور ہر موسم کا مقابلہ کرنے کو تیار کھڑے نظر آتے ہیں ۔۔


وہاں کے مقامیوں کا کہنا ہے کہ یہ کم و بیش پانچ ہزار سال سے یونہی کھڑے ہیں خدا جانے کتنی ہی ریاستوں کے عروج و زوال کی داستانیں انکی جڑوں تلے دفن ہوئی ہوں گی۔۔
زیارت کے گرد موجود جونیپر کا یہ جنگل یعنی صنوبر کے درختوں سے گھنا یہ جنگل دنیا بھر کے جنگلات میں اس قسم کے درختوں کا دوسرا بڑا جنگل ہے ۔۔
ریزیڈینسی کی عمارت کے اطراف میں بیشمار حکومتی ادارے اور مزید کئی عمارات زیر ِتعمیر نظر آتی ہیں ۔۔
وہاں موجود گارڈز کے مطابق قائد اعظم کے زیر استعمال اشیاء اور انکے رہائشی کمرے اب عوام کے لئے نہیں کھولے جاتے ۔۔۔ یہ یادگاریں یقیناً ہمارے محبوب قائد کی یاد دلاتی ہیں مگر کیا ہی اچھا ہو کہ عقیدت مند عوام ان اشیاء کا خود بھی احترام کریں اور ان کی حفاظت کا خیال رکھیں۔۔
روما رضوی

SHARE

2 COMMENTS

  1. بہت معلوماتی خوبصورت تحریر یہ سلسلہ جاری رکھیں

LEAVE A REPLY