دنیا سمیت ملک بھر میں 9 محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ، امریکہ برطانیہ کینڈا جرمنی فرانس اور دیگر یورپی اور خلیجی ممالک میں نو محرم کی مجالس برپا ہو رہی ہیں اور جلوس تعزیہ و علم نکالے جا رہے ہیں
شہر شہر میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ جلوسوں کے راستوں پر دودھ اور شربت کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
لاہور پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ کا جلوس
لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہو گا جو اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات میں اختتام پذیر ہو گا، نوحہ خوانی اور نماز ظہرین کے علاوہ نماز مغربین بھی جلوس روٹ کے مختلف نقاط پر ادا کی جائے گی۔
پنجاب پولیس نے 79 جلوسوں کی نگرانی کے لیے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں جن میں پولیس، رینجرز اور اہل فورسز بھی شامل ہیں، جلوس کے راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے ہیں، جلوس کی نگرانی کیمروں کی مدد سے بھی کی جا رہی ہے اور سنائپرز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
کراچی
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مرکزی جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کنٹینر رکھ کر سڑکیں بھی بند کر دی گئی ہیں۔
صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی سٹریٹ اور کھارادر سمیت دیگر مختلف علاقوں میں بھی کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔
جلوس کی سکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں، گزشتہ روز 8 محرم کا جلوس بھی سخت سکیورٹی میں نکالا گیا تھا اور اس دوران بھی موبائل فون سروس معطل رہی تھی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے بھی جلوس برآمد ہوں گے جس میں عزادار نوحہ خوانی، ماتم داری، سینہ کوبی اور زنجیر زنی بھی کریں گے۔
سکھر: 500 سالہ نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد
ادھر سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں 500 سالہ تاریخی کربلائے معلیٰ کا 9 محرم کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہو گیا، جلوس یوم عاشور کی شام ختم ہو گا جس کے باعث بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس متاثر ہے۔
ملتان میں قدیمی امام بارگاہ ممتاز آباد سے علم اور تعزیہ کا جلوس برآمد ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان میں آج نو محرم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہو گیا ہے جو مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہو گا جبکہ فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار اے سے رات 9 بجے برآمد ہو گا۔
پشاور میں امام بار گاہ حسینیہ سے مرکزی جلوس برآمد
پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال سے علم اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا، جلوس میں عزاداران حسین کی زنجیرزنی، سینہ کوبی اور نوحہ خوانی جاری ہے۔
ماتمی جلوس کالی باڑی اور فوارہ چوک بھی جائے گا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ہال میں اختتام پذیر ہوگا، فخر عالم روڈ پشاور صدر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔











