چیف الیکشن کمشنر سے سب سے زیادہ ملاقاتیں کن رہنماؤں نے کیں؟

0
529

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے سب سے زیادہ ملاقاتیں کس جماعت کے رہنماؤں نے کیں الیکشن کمیشن ذرائع نے بتادیا۔

تحریک انصاف کے رہنما چیف الیکشن کمشنر سے پی ڈی ایم رہنماؤں کی ملاقات پر تنقیدی بیانات دے رہے ہیں، لیکن انکشاف ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ سب سے زیادہ ملاقاتیں سابق حکمران جماعت نے ہی کی ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عمران خان دور میں ان کی کابینہ کے کئی وزراء چیف الیکشن کمشنر سے ان کے دفتر میں ملاقات کرتے رہے ہیں، شاہ محمود قریشی نے بھی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے وفد کی پورے کمیشن سے ملاقات روٹین کا معاملہ ہے، پی ڈی ایم نے پورے کمیشن سے ملاقات کی صرف چیف الیکشن کمشنرسے ملاقات نہیں ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر سے اب تک متعدد پارٹیوں کے نمائندے مل چکے ہیں، لیکن دیگر پارٹیوں کے مقابلےمیں سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے وزراء اور رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سیاستدانوں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں اور یہ تمام ملاقاتیں الیکشن کمیشن دفتر میں ہوئیں، کیوں کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا تقاضا ہے جو پارٹی نمائندے ملنا چاہیں ان سے دفتر میں ملیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر سے پی ڈی ایم رہنماؤں کی ملاقات پر پی ٹی آئی کا ریفرنس دائر کرنے کا معاملہ یہ سب کمیشن کو دباؤ اور زیر اثر لانے کے لیے ہے، لیکن کمیشن نہ تو پچھلی حکومت سے متاثر ہوا نہ موجودہ سے ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں پارٹی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، بابر اعوان، شیریں مزاری، فرخ حبیب اور شہباز گِل سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے کردار کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن ممبران کی حکومتی اتحاد کے وفد سے ملاقات بھی زیر بحث آئی اور ممنوعہ فنڈنگ کیس کےحوالے سے ہونے والی ملاقات پر شدید اظہار تشویش کیا۔

پی ٹی آئی قیادت کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے جائے گا، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کے خلاف صوبوں میں بھی قراردادیں لانے پر اتفاق کیا گیا، اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں عدم اعتماد کی قرارداد لائی جائے گی۔

عمران خان نے ریفرنس دائر کرنے کے لیے قانونی ماہرین کو معاملات شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

SHARE

LEAVE A REPLY