خواب شرمندہء تعبیر بھی ہو۔۔۔۔۔
مشہور اشاعتی ادارےماہنامہ دوشیزہ اور سچی کہانی کے بانی مرزا سہام مرزا کی صاحبزادی اوران دونوں رسالوں کی موجودہ سربراہ و مدیرِاعلیٰ منزہ سہام کسی تعارف کی محتاج نہیں۔وہ ایک پر وقار شخصیت کی حامل خاتون ہی نہیں بلکہ اپنی ذات میں خود ایک مکمل ادارہ ہیں۔
مگر افسوس کہ میرے شہر میں اہلِ بصیرت بینائی سے،اہل علم وفن قدردانی سے،اہلِ زباں قوتِ گویائی سےاور اہلِ اقتدار قوتِ سماعت و قوتِ فیصلہ سے محروم نظر آتے ہیں کہ انہیں اپنے وطن میں دن دھاڑے ہونے والے مظالم نہ تو نظر آرہے ہیں،نہ ہی ان مظالم پرآواز اٹھانے کی اُن میں ہمت ہورہی ہے یا شاید وہ اس کے خلاف آواز اٹھانے کی اہلیت ہی نہیں رکھتے ۔ان تک نہ تومظالم کے خلاف اٹھنے والی آوازیں رسائی پا رہی ہیں اور نہ ہی وہ ظالم کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی کرنے کی سکت رکھتے ہیں۔مجھے اس بات سے کچھ نہیں لینا دینا کہ کون کتنا طاقتور ہے؟ کون کتنا اہل ثروت و جاہ وحشمت ہے؟؟
میراتو بس اپنےوطن ِعزیز کے محترم و معزز اہلِ اقتدار سے سوال ہے کہ کیا ہمارے اتنے قابل و نایاب گوہرہمیشہ کی طرح یونہی ظالموں اور نا عاقبت اندیشوں کے ہاتھوں مٹی میں رُلتے رہیں گے؟؟؟
کیا تبدیلی کا نعرہ لگانےوالے اقتدار میں آکر وہی مصلحت پسندی کاچولہ پہن کر بیٹھ جائیں گے جو اس سے پہلی حکومتیں پہن کر بیٹھی رہیں؟؟؟
کیا تحریکِ انصاف کے دور میں بھی انصاف مہنگا اور عزت سستی ہوگی؟؟؟
اور کیا عورت کو بلند مقام عطا کرنے والے اس مسلم معاشرے میں عورت کوہی انصاف کے لیئے گلی گلی ٹھوکریں کھانی پڑیں گی؟؟؟
کیا کہیں؟؟؟کیسے کہیں؟؟؟ کس سے کہیں؟؟؟؟
میری حکومتِ وقت سے موئدبانہ گزارش ہے کہ ہر دلعزیز منزہ سہام
جو شعبہء صحافت و پرنٹ میڈیا سے وابستہ ہیں۔ ان جیسی اپنی ذات میں انجمن شخصیت گذشتہ چند روز سے کٹھ پتلی حکومت کے نااہل کارکن کے ہاتھوں تماشہ بن گئی ہیں۔
افسوس صد افسوس اس بات کا ہے کہ ریاستِ مدینہ بنانے کا خواب دیکھنے والوں کا خواب ابھی تک شرمندہء تعبیر ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔بحیثیت پاکستا ن کےمعزز شہری،استاد اور مصنفہ کے میری حکومتِ وقت سے پرزور اپیل ہے کہ وہ اولین ترجیحات کے ساتھ اپنے قابلِ احترام شہری و مدیرِہ ماہنامہ دوشیزہ و سچی کہانی کو جلد ازجلدانصاف فراہم کرے تاکہ وہ ذہنی سکون و اطمینانِ قلب کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی طریقے سے انجام دیکر معاشرے میں فعال کردار ادا کرتی نظر آئیں۔
حکومتِ وقت سےمنزہ سہام کے حق میں تعاون و فیصلہ کرنے کی متمنی
مصنفہ دوشیزہ: خولہ عرفان













