یومِ ولادت باسعادت ۔ تجدید ایمان کا دن،عفت سلطانہ

0
807

پورے عالمِ اسلام کو خاتم النبیین کی ولادت باسعادت مبارک ہو

عید میلادالنبی کا جشن عقیدت و احترام کے ساتھ منائیں
اپنے گھروں کو ، عمارتوں کو ،پورے علاقے کو روشنیوں سے یوں منور کریں کہ محسوس ہو آسمان سے ستارے توڑ کر لے آئے ہیں
اس خوشی کے موقع پر غربا و مساکین میں کھا نے تقسیم کریں ۔ بچوں میں مٹھائیاں بانٹیں
جس طور بھی ممکن ہو خوشیوں کا اہتمام کریں اور درودوسلام کے ورد کے ساتھ اللہ سے اسوہء حسنہ پر عمل کرنے کی توفیق مانگیں

آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ کا تو ایک ایک لمحہ رشدوہدایت کا منبع ہے

رخ مصطفیٰ ہے وہ آئینہ کہ اب ایسا دوسرا آئینہ
نہ کسی کی بزم خیال میں نہ دکان آئینہ ساز میں
علامہ اقبال

پیغمبر آخر الزماں تو آپ تھے ہی
لیکن
اس کے ساتھ ہی
ایک کامیاب تاجر ،سپہ سالار ،حکمران ،عادل منصف یعنی چیف جسٹس …..
مگر
فخر ہمیشہ کس پیشے پر کیا ؟ اپنے استاد ہونے پر

” بے شک مجھے معلم بنا کر بھیجا گیا “

آج اس مبارک موقع پر ، دیکھتے ہیں کہ اس معلم اعظم نے اپنی حیات مبارکہ میں نظام عدل کی کیا تعلیمات دی تھیں اور انصاف وقانون کی کیسی بالادستی قائم کی تھی

متعدد احادیث اور آیات قرآنی سے اسلام میں عدل وانصاف کی اہمیت واضح ہے لیکن مندرجہ ذیل حدیث رسول تو سنہری حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے

لوگو ۔ تم سے پہلی قومیں اس لیے برباد ہوئیں کہ جب ان کا کوئی بڑا امیر کبیر آدمی جرم کرتا تو اسے چھوڑ دیا جاتا اور جب یہی جرم کوئی معمولی آدمی کرتا تو اسے سزا دی جاتی خدا کی قسم اگر محمد کی بیٹی فاطمہ بھی جرم کرتی تو اس کے ہاتھ بھی کاٹ دیے جاتے
بخاری شریف ۔ 4304

یہ فیصلہ آپ نے اس وقت کیا جب ایک چوری کا مقدمہ آپ کے سامنے پیش کیا گیا جس میں فاطمہ نام کی ایک عورت ملوث تھی جس کا تعلق ایک بڑے قبیلے سے تھا
اسلام کا نظام عدل امیر و غریب ، چھوٹے بڑے ، مسلم اور غیر مسلم کوئی فرق نہیں رکھتا

نبی پاک کی بہترین قانون سازی کی گواہی تو اقوام عالم نے بھی دی
قانون کی تعلیم دینے والی لندن کی ایک معتبر درسگاہ ” لنکنز ان ” جہاں جج اور وکیل قانون کی تعلیم حاصل کرنا باعث فخر سمجھتے ہیں

Lincoln’s Inn School of Law

میں اندر کی جانب ان تمام رہنماؤں کے نام لکھے تھے جنہوں نے اپنے اپنے دور کے اپنے معاشروں کے لیے قوانین بنائے تھے اور رسول پاک کا نام اس فہرست میں سر فہرست تھا

مصطفٰی جان رحمت پہ لاکھوں سلام
شمع بزم ہدایت پہ لاکھوں سلام

یہی وجہ تھی کہ بانی پاکستان قائد اعظم نے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اس ادارے کا انتخاب کیا تھا
اسلام نے بہترین نظام قانون دیا اور بہترین قانون دان
پر ہم نے کیا سیکھا اور کیا کیا ؟ انصاف و قانون کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں

قانون کی حکمرانی انڈیکس

The Rule of Law Index – 2020

کے مطابق قانون کے نفاذ میں پاکستان دنیا کے 128 ممالک میں سے 120 ویں نمبر پر ہے ۔ شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے

عدل وانصاف ریاست کی عمارت کی بنیاد ہے تاریخ شاہد ہے کہ عدل وانصاف کو اپنانے والی اقوام سربلندی و سرفرازی سے ہمکنار ہوتی ہیں
حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے آج سے پندرہ سو سال پہلے فرمایا تھا کہ

کفر کی حکومت قائم رہ سکتی ہے ظلم کی نہیں

آج کی دنیا کی کافر حکومتوں کی کامیابیاں اس پر مہر تصدیق ثبت کر رہی ہیں

عدل وانصاف کے معاملات میں اللہ اور اس کے رسول کے احکامات سے روگردانی کی وجہہ سے پاکستان زندگی کے ہر شعبہ میں روبہ زوال ہے

آج اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت کے حکمران کاسئہ گدائی لیے اقوامِ عالم کے سامنے کھڑے ہیں آئی ایم ایف کے سودی قرضہ کی قسط ملنے میں ذرا سی تاخیر ہوجائے تو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سربراہان کی راتوں کی نیندیں حرام ہوجاتی ہیں اور ان کا یہ حال ہوتا ہے کہ
گر خدا روٹھ جائے تو سجدے کروں
اور صنم روٹھ جائے تو میں کیا کروں

کاش یہ ساری محنت انہوں نے پاکستان کو قرضوں سے نجات دلانے کے لیے کی ہوتی درست معاشی پالیسیاں بنائی ہوتیں اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اس ملک میں قانون کی حکمرانی ہوتی تو آج ہم بھکاری نہ ہوتے

سلام اس پر جو دنیا کے لیے رحمت ہی رحمت ہے سلام اس پر کہ جس کی ذات فخر آدمیت ہے

اگر قومی خزانے کو لوٹنے والوں کو عدالتوں نے عبرت ناک سزائیں دی ہوتیں تو یہ تباہی پاکستان کا مقدر نہ بنتی۔ مگر اس حمام میں تو سب ہی ننگے ہیں ایک چور دوسرے چور کو سزا کس طرح دے سکتا ہے ؟

عالمی مالیاتی ادارے مالی مشکلات میں گھرے ہوئے ممالک کو اپنی شرائط پر قرضے دیتے ہیں اور پھر ہمارے حکمران تو سودی قرضوں کے لین دین کے معاملے میں چیمپیئن رہے ہیں ۔ چاہے وہ مارشل لاء دور کے سپہ سالار ہوں یا سیاسی حکومتوں کے وزراء اعظم اس معاملے میں سب ایک ہی صف میں کھڑے نظر آتے ہیں

اب تک پاکستان کے کسی بھی نا اہل حاکم نے ان بیرونی قرضوں سے نجات دلانے یا ان کا بوجھ کم کرنے کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی البتہ گفتار کے غازیوں نے باتیں ،وعدے ، لارے ، نعرے بہت لگائے
حالانکہ ایسی مثالیں موجود ہیں جب بہت سے ممالک نے قرض کا صحیح استعمال کر کے اس سے نجات حاصل کرلی

برادر اسلامی ملک ترکی ہی کی مثال لے لیں طیب اردوان نے اپنے ملک کو نہ صرف قرضوں سے نجات دلائی بلکہ ترکی کو آئی ایم ایف کے ان ممالک کی فہرست میں لا کھڑا کیا جو دوسروں کو قرض دینے میں مدد کرسکتے ہیں
پاکستان کا غریب ووٹر جسے ہمیشہ قومی نغموں سے بہلایا گیا ، ان سود در سود قرضوں کے باعث ہونے والی ہوشربا مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گیا

معیشت کا یہ حال ہوچکا ہے کہ

پاکستانی روپے کی اوقات حقیقتاً اب دو ٹکے کی بھی نہیں رہی ہے پاکستانی دو روپے میں بنگلہ دیش کی کرنسی کا ایک ٹکا ملتا ہے اور 4 روپے میں دو ٹکے

مگر پھر بھی مدینہ کی ریاست میں ہمیں گھبرانے کی اجازت نہیں
اب ان حالات میں گھبرانا تو بنتا ہے

ملک میں ہر سطح پر ظلم و نا انصافیوں کا ایک نا ختم ہونے والا طویل سلسلہ ہے ۔ نظام عدل کو بہتر بنا نے کے لیے کسی قسم کی قانون سازی مدینہ کی ریاست میں نہیں ہورہی ۔ امن واستحکام ،خوشحالی و ترقی تو ان قوموں کا مقدر بنتی ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہوتی ہے

کیا محض جوش و خروش سے عید میلادالنبی منانے اور چراغاں کرنے سے

ہمیں روز محشر رسول اللہ کی شفاعت نصیب ہو گی ؟

دعویٰ ہے تیری چاہ کا
اس امت گمراہ کا
تیرے سوا کوئی نہیں
یا رحمت اللعالمین

SHARE

LEAVE A REPLY