بھارت میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک ارب خوراکیں لگانے کا سنگِ میل عبور کرلیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق حکام نے جمعرات کو تصدیق کی کہ اب تک کرونا وائرس کی ویکسین کی ایک کروڑ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
ایک ارب 30 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک میں حکومت کے مطابق بالغ آبادی میں لگ بھگ تین چوتھائی یعنی 75 فی صد کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جا چکی ہے جب کہ 30 فی صد کے قریب افراد کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔
البتہ اب بھی 18 سال سے کم عمر کروڑوں لوگ جو آبادی کا تقریباً 40 فی صد ہیں انہیں ویکسین کی ایک خوراک بھی نہیں لگی ہے۔
بھارت میں ایک خوراک اور مکمل ویکسی نیشن کرانے والوں کی تعداد میں فرق بھی تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ملک کی کرونا وائرس کی ٹاسک فورس کے سربراہ وی کے پال نے گزشتہ ہفتے ایک بریفنگ میں کہا تھا کہ ایک خوراک لگوانے والوں اور مکمل ویکسی نیشن کرانے والوں کے درمیان کا فرق اب بھی تشویش کا باعث ہے۔ کیوں کہ ان کے بقول دوسری خوراک ‘اہم ترجیح’ ہے۔













