مانچسٹر کے لارڈ مئیر نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کے وفد کے ساتھ ملاقات کی

0
710

مانچسٹر(مقدسہ بانو ) مانچسٹر کے لارڈ مئیر کونسلر ٹامی جج اور ان کی اہلیہ نے پریس کلب آف پاکستان یوکے کے وفد کے ساتھ ملاقات کی – وفد کی قیادت پریس کلب کی صدر کونسلر مقدسہ بانو نے کی جبکہ اس میں سابق کونسلر نصر اللہ خان مغل ‘ غلام رسول شہزاد ‘ شفیق الزمان ‘ محبوب الٰہی بٹ ‘ حمیرا ثناء’ سہیل حیدر سہوترا اور چوہدری پرویز مسیح مٹو شامل تھے – وفد کے ارکان جب لارڈ مئیر سے ملاقات کے لئے ان کے پارلر میں پہنچے تو لارڈ مئیر کونسلر ٹامی جج اوران کی اہلیہ لارڈ مئیرس مانچسٹر نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا – وفد کے ارکان نے لارڈ مئیرکونسلرٹامی جج کو بتایا کہ پریس کلب آف پاکستان یوکے کا قیام 2004 ءمیں عمل میں آیا اور اس کو ترقی دینے میں ارکان کو بہت محنت کرنا پڑی – پریس کلب آف پاکستان یوکے اس حوالے سے پاکستانی صحافیوں کی وہ پہلی تنظیم ہے جس نے ایک اقلیتی مسیحی رکن شفیق الزمان اور بعد ازاں ایک خاتون مقدسہ بانو کو اپنا صدر منتخب کیاجوبعد میں مانچسٹر سٹی کونسل کی کونسلر بھی منتخب ہوئیں -وفد کے ارکان نے لارڈ مئیر کو اپنے مختلف پراجیکٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا نیز بتایا کہ تنظیم پاکستان کے قومی دن منانے کے علاوہ کرسمس ‘ ایسٹر ‘ عیدین کے جشن بھی جوش وخروش سے مناتی ہے جبکہ ہر رمضان میں پریس کلب کے مسیحی ارکان مسلمان کمیونٹی کو ایک افطار ڈنر بھی کرواتے ہیں جس سے مختلف کمیونٹیوں کو آپس میں قریب لانے کا موقع ملتا ہے – لارڈ مئیر نے واضح کیا کہ انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ برطانیہ میں پاکستانی نژاد صحافیوں کو منظم کرنے اور ان کے حقوق کی جنگ لڑنے والی ایک مضبوط تنظیم موجود ہے – انہوں نے پریس کلب کے منصوبوں اور پراجیکٹس پر بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی ٹریننگ اور ہیٹ کرائم جیسے معاملات پر پریس کلب کی کاوشیں بہترین ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پریس کلب نہ صرف صحافی کمیونٹی کےلئے بلکہ ساری کمیونٹی کےلئے صحت کے منصوبے بھی رکھتا ہے جن میں شوگر سے متعلق مریضوں کے علاوہ ایشیائی کمیونٹی میں بیماریوں کی تشخیص اور ان سے خود کو محفوظ رکھنے کے منصوبے بھی شامل ہیں -لارڈ مئیر نے تنظیم کی طرف سے مختلف کمیونٹیوں کو قریب لانے کی کاوشوں کو بھی سراہا اور واضح کیا کہ برطانیہ اور خاص طور پر مانچسٹر ایک کثیر القومیتی علاقہ ہے جس میں بہت سی کمیونٹیاں بستی ہیں اور ان کی قریب لائے بغیر ایک صحت مند معاشرہ ترقی نہیں پاسکتا – اس موقع پر پریس کلب کی طرف سے لارڈ مئیر کونسلر ٹامی جج کو ایک شیلڈ پیش کی گئی جبکہ ان کی اہلیہ کو ایک سندھی اجرک تحفے میں دی گئی – لارڈ مئیر اور ان کی اہلیہ نے وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم کے منصوبوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا –

SHARE

LEAVE A REPLY