برطانیہ کی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کی نئی معلومات کے مطابق ویکسین کی اضافی خوراک (یعنی بوسٹر شاٹ) کووڈ 19 کی وجہ سے لوگوں کے ہسپتال داخلے کو 88 فیصد تک روکنے میں مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
یو کے ایچ ایس اے کے نئی ڈیٹا نے تصدیق کی ہے کہ ایسٹرا زینیکا، فائزر اور ماڈرنا ویکسینز کی دو خوراکیں کووڈ 19 کی نئی قسم اومیکرون کے خلاف بہت کم تحفظ فراہم کرتی ہیں مگر ان کی مدد سے وائرس کی نئی قسم سے شدید بیماری کو ٹالا جا سکتا ہے۔
اسی لیے صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اس تحقیق سے اب تیسری خوراک حاصل کرنے کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
برطانیہ کے وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا ہے کہ ’ویکسین کی اہمیت کے بارے میں یہ معلومات اچھی ہے۔ ان کی مدد سے ہم زندگیاں بچا سکتے ہیں اور شدید بیماری کو روکا جا سکتا ہے۔‘
’اس کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر آپ کووڈ 19 کی ویکسین حاصل نہیں کرتے تو آپ کے ہسپتال داخلے کے امکانات آٹھ گنا زیادہ ہوتے ہیں۔‘
برطانوی ادارے نے 29 دسمبر تک انگلینڈ میں اومیکرون کے چھ لاکھ سے زیادہ مصدقہ اور مشتبہ متاثرین کا جائزہ لیا۔
اس سے معلوم ہوا ہے کہ ویکسین کی ایک خوراک کی صورت میں ہسپتال میں علاج کا خطرہ 52 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ دوسری خوراک سے یہ شرح 72 فیصد تاہم 25 ہفتوں کے بعد یہ حفاظت گِر کر 52 فیصد پر آ جاتی ہے۔
تیسری خوراک کے دو ہفتوں بعد ہسپتال داخلے کے خلاف تحفظ 88 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔













