سوئٹزرلینڈ لوٹی ہوئی پاکستانی دولت کے بارےمیں معلومات دینے پرتیار

0
980

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ سوئٹزرلینڈ لوٹی ہوئی پاکستانی دولت کے بارے میں معلومات دینے پر تیار ہو گیا ہے اور اس حوالے سے معاہدے پر دستخط کے لیے ایک وفد 21 مارچ کو سوئٹزرلینڈ جائے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان 2005 سے سوئٹزرلینڈ کے ساتھ معلومات کے تبادلے کے حوالے سے مذاکرات کررہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ نے معاہدے کے عوض ٹیکسوں میں مراعات اور خود کو موسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ مانگا، تاہم پاکستان نے مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کیا، تاہم اب سوئٹزرلینڈ نے ہماری شرائط پر دوبارہ معاہدہ کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔

اسحٰق ڈار نے بتایا کہ معاہدے پر دستخط کے لیے ایک وفد 21 مارچ کو سوئٹزرلینڈ جائے گا۔

دوسری جانب وزیر خزانہ نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان 14 ستمبر 2016 کو آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈیولپمنٹ (او ای سی ڈی) کے ساتھ ٹیکس معاملات کے حوالے سے ایک کنونشن  پر بھی دستخط کرچکا ہے، جو اگلے برس فعال ہوگا۔

پاکستان او ای سی ڈی کا 104 واں رکن ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ اس کنونشن کے فعال ہونے کے بعد رکن ممالک میں ٹیکس چوری کے پیسے رکھنا ناممکن ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ سوئٹرز لینڈ کو دنیا بھر کے لوگ اپنے اپنے ممالک سے کرپشن ، ٹیکس چوری اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن چھپانے کے لیے پسند کرتے ہیں اور وہاں کے بینک اس حوالے سے عالمگیر شہرت رکھتے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY