دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے گزشتہ شام برطانوی دارالحکومت لندن میں کیے گئے اُس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری ’ قبول کر لی ہے، جس میں ایک حملہ آور نے ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد کو ہلاک اور چالیس کو زخمی کر دیا تھا اور بعد ازاں خود بھی پولیس کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔
’اسلامک اسٹیٹ‘ سے قریبی وابستگی رکھنے والی ایجنسی اعماق کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق برطانوی پارلیمان کے قریب حملہ کرنے والا شخص ’اسلامک اسٹیٹ‘ کا ایک سپاہی تھا۔ دریں اثناء حملہ آور کے بارے میں تحقیقات کے دوران آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعظم ٹیریزا مے نے آج پارلیمان سے اپنے خطاب میں بتایا کہ اکیلے ہی کارروائی کرنے والا حملہ آور برطانیہ ہی میں پیدا ہوا تھا اور پولیس کو اُس کی انتہا پسندانہ سرگرمیوں کا علم بھی تھا۔ آج پارلیمان کی کارروائی کے آغاز پر اس حملے میں مرنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔













