نظم : ذرا بوجھو تو نام اس کا
نظم نگار: سیدعارف معین بلے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہےاس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
دہکتا جسم ہے،گالوں میں انگاروں کی لالی ہے
چلن اس کا قیامت ،چال بھی اس کی نرالی ہے
دَہن غنچہ سا اس کا، کانوں میں شبنم کی بالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
فضاءوں میں گھٹا چھائے ،وہ جب زلفوں کو لہرائے
جھکیں نظریں تو دلہن کی حیا ، ان میں نظر آئے
کھل اٹھیں اَدھ کھلی کلیاں ، ذرا سا جو وہ مسکائے
بڑی بد مست ہے، وہ مست سب کو کرنے والی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
پَری دیکھےتو جل جائے وہ ایسی سرو قامت ہے
نظر ہٹتی نہیں اس سے،حسیں ایسی جسامت ہے
بس اتنا جان لو تُم ،وہ قیامت ہی قیامت ہے
کبھی یکسر جلالی ہے، کبھی یکسر جمالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
نظر ہے تیر اُس کی اور کماں سے بڑھ کے ابروہے
چمن میں اس کے دم سے جلوہء صد رنگ ہر سو ہے
فضا مہکے تو لگتاہےکہ وہ سرتا پا خوشبو ہے
عجب ہے حُسن و رعنائی ،جو بے شک ڈالی ڈالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
اُسے ہی دیکھتے رہ جائیں وہ مجبور کرتی ہے
خمارآلودہ آنکھوں سے بھی وہ مخمورکرتی ہے
لُنڈھا کرجام نظروں کے بڑا مسرور کرتی ہے
پتا چلنے نہیں دیتی ہمارا جام خالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
کتابوں سے نہیں رشتہ مگر چہرہ کتابی ہے
سنبھالے کیوں چُنریا کوطبیعت جو نوابی ہے
جو خوبی اس میں دیکھی ہے،وہی اسکی خرابی ہے
کسی اِک سے نہیں سب سے محبت کرنے والی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
کبھی رفتار مدھم ہے، کبھی وہ تیز چلتی ہے
بدلتی ہے وہ رنگ ایسے کہ جیسے رُت بدلتی ہے
لبوں سے پھول جھڑتے ہیں،کبھی شعلے اُگلتی ہے
کبھی آفت کی پُڑیاہے،کبھی وہ بھولی بھالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
نظر میں دوسرا ایسا نہیں ہے پھول سا چہرہ
جو دیکھو تو بہاروں کاامیں ہے پھول سا چہرہ
چمن کے سارے رنگوں سے حسیں ہے پھول سا چہرہ
دَہن غنچہ سا ہے، اس کی کمر لچکیلی ڈالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
کہانی ہے مروت کی،محبت کا وہ عنواں ہے
کہیں ہے رتجگااس سے،کہیں اس سے چراغاں ہے
کہیں آنکھوں کی ٹھنڈک ہے،کہیں خوشیوں کاساماں ہے
کہیں پر عید دِکھتی ہے،کہیں اُس سے دِوالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
محبت کرنے والے اس سے سہمے سہمے رہتے ہیں
نظرچُپ چُپ سے آتے ہیں پران کے چہرے کہتے ہیں
لگارہتاہے دھڑکا سا،اذیت ایسی سہتے ہیں
وہی ہوتا ہے جو کہہ دے ،زباں جو اس کی کالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
جمال و حُسن و رعنائی میں یکتائے جہاں بھی ہے
اگر ہے جسم رنگ و بو ،وہ اس کی روح و جاں بھی ہے
بہاریں ہیں فِدا اس پرکہ وہ تو خود گلستاں ہے
کہاں ڈھونڈو گے تم اُس کو؟وہ اِک نقش خیالی ہے
ذرا بوجھو تو نام اس کا حسینہ زلفوں والی ہے
غضب کا حُسن ہے اس کا ،ادا اِک اِک نرالی ہے
نظم : ذرا بوجھو تو نام اس کا
نظم نگار: سیدعارف معین بلے
…………………………
Published on: 10 Nov 2022یوم اقبال پر ندامت کے چند آنسو
نظم نگار:سیدعارف معین بلے
ہم سے بچھڑے بیت گئے اقبال کو اب چوراسی سال
اب بھی درخشندہ و زندہ ہےاُن کا ، ایک ایک خیال
بابا جانی کو نہیں بھولے ،کیایہ نہیں کافی ہے دلیل
بستی بستی شہر شہر میں برپا ہے جشن اقبال
تقریروں ، تحریروں میں بھی چرچا اُنہی کا رہتا ہے
پَر فکر اقبال سے تو ہم رنگ نہیں اپنے اعمال
ہم تو ان کے ساتھ نہیں ، وہ ساتھ ہمارے رہتے ہیں
باتیں دوش و فردا کی ہم کرکے رہتے ہیں بے حال
بابا جانی نے کھولے تھے ہم پہ کبھی اسرار خودی
بھول گئے ایک ایک سبق،ہے ایسی گردش ماہ و سال
جو بھی رستہ ہمیں سُجھایاتھا ،ہے یاد کہاں ہم کو؟
ہم یوں چُپ کے روزے سے ہیں ، بول رہے ہیں سب اعمال
قائد اعظم کو خط لکھ کر آپ نے ہی بلوایا تھا
آپ بھی اُن سے شرمندہ ہیں، کب ہے ہمیں اس کابھی ملال
رنگ و زبان و نسل کے جھگڑوں میں پڑ کر کمزور ہوئے
یکجہتی ہی بن سکتی ہے سارے تعصبات کی ڈھال
اب بھی حکیم الامت کی گر تعلیمات کو اپنا لیں
اب بھی کرسکتی ہیں بہاریں آکے ہمارا استقبال
ہاتھ میں جو کشکول ہے ، اِس کوتوڑ دیں،اس میں عزت ہے
دوست ممالک کے آگے ہم کرسکتے ہیں کتنے سوال
بابا جانی اب کیا کریں ہم، رُکا ہوا ہے اپنا سفر
ہم کو آگے بڑھنے کہاں دیتی ہے گردش ماہ و سال
قائد اعظم کا آدھا احسان اُتارا ہے ہم نے
کوئی سبق سیکھا ہی کہاں ہے؟ ہم نے کھوکر بھی بنگال
روزہی جاکر ڈوب رہا ہے سورج دیکھئے مغرب میں
بات ترقی کی ہو تو ہم دیتے ہیں مغرب کی مثال
کرتو رہا ہے دور ہماری منزل سے ایک ایک قدم
راہ نما ہے آپ سا پھر بھی ،بے ڈھنگی ہے اپنی چال
منزل گُم گشتہ پالیں گے، مایوسی کی بات نہیں
سچ ہے رَل مِل کر ہی ممکن ہے اِصلاح احوال
یہ دولت ہم کام میں لے آئیں تودِن پھر سکتے ہیں
بابا جانی کے افکار سے اب بھی ہیں ہم مالا مال
آپ سے ہم نے رُخ موڑا تو ہل کررہ گئی ہے بنیاد
بابا جانی بنیادوں میں رہنے لگے ہیں اب بھونچال
بابا جانی یہ سچ ہے احساس زیاں جاگا ہی نہیں
اپنی جانچ کبھی ہم نے کی اور نہ کبھی کی ہے پڑتال
اپنے من میں ڈوب کے خود کو پانا ہم نے چھوڑ دیا
استعداد کار بڑھا کر ہوسکتے ہیں ہم خوش حال
ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں ، اتنا ہی کرسکتے ہیں
دیکھ کے دُنیا کی خوش حالی، ٹپک رہی ہے اپنی رال
ہر دشمن اِس سوچ میں ہے کہ اُس نے اَب کیا کرنا ہے
کرتو رہے ہیں ہم اپنی تہذیبی قدریں خود پامال
جُڑ ا رہے گا پیارا رشتہ دیکھنا بابا جانی سے
نظمیں بابا جانی کی تم پیاروں کو کر دو ارسال
روشنیوں کی قدر کرےگا اپنے سوا اب کون بھلا؟
نرگس صدیوں روتی رہی تب پایا ہے ہم نے اقبال
بابا جانی کہہ نہیں سکتے ، آپ سے ہم شرمندہ ہیں
آنکھیں ملانا بھی مشکل ہے، سامنا کرنا اور محال
دل بوجھل ہے،گنگ زباں ،آنکھوں میں ندامت کےآنسو
کیسے کہیں کہ آپ سے نادم آج کے دن ہیں ہم اقبال
ایک نظم : یوم اقبال پر ندامت کے چند آنسو
نظم نگار:سیدعارف معین بلے













