یورپی ملک سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کے وسطی علاقے میں واقع مصروف دیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر ٹرک نے شہریوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسٹاک ہوم کی ریجنل ہیلتھ کیئر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس نے واقعے کے مقام سے بعد ازاں 2 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا۔

تاہم پولیس ترجمان نے اس بات کی تصدیق کرنے سے انکار کیا کہ آیا گرفتار ہونے والوں میں سے ایک شخص وہی ہے جس کی تصویر جاری کی گئی یا کوئی اور جبکہ انہوں نے گرفتار شخص کی جانب سے حملے کا اعتراف کرنے کی رپورٹس کی تصدیق کرنے سے بھی انکار کیا۔

بیئر بنانے والی کمپنی اسپین ڈرَپس کے ترجمان نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ یہ ٹرک ایک ریسٹورنٹ کو ڈیلیوری کے دوران چوری ہوگیا تھا۔

قبل ازیں پولیس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’پولیس کو ایس او ایس الارم کے ذریعے کال موصول ہوئی کہ گاڑی میں موجود ایک شخص نے ڈروٹننگٹن کے علاقے میں کئی لوگوں کو زخمی کردیا ہے۔‘

واقعہ اہلنز ڈیپارٹمنٹ اسٹور کے باہر پیش آیا، جس کے بعد جائے وقوع سے دھویں کے گہر بادل اٹھنے لگے، تاہم پولیس تاحال حاصل ہونے والی معلومات کی تصدیق کر رہی ہے۔

مختلف ویڈیوز سے حاصل ہونے والی تصاویر میں دیکھا گیا کہ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو بلاک کرکے لوگوں کو حصار سے آگے آنے سے روک دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY