ایک تابندہ نام جناب شورش کاشمیری ، ڈاکٹرسید علی عباس شاہ

0
3055

ڈاکٹرسید علی عباس شاہ
منڈی بہاء الدین
کیوں نہ یہ دم مدینے میں نکلا میرا کیوں نہ یثرب میں میرا ٹھکانہ ہوا
شورش کاشمیری کاسفر آخرت از مشیرؔ کاظمی 1924-1975ء
میں خطیب ِعصر ہوں نِہْجُ الْبَلاَغَۃْ کی قسم میں ہوں شورش طالب ِعلم ِدبستان ِحسین ؑ شورش کاشمیری
اسلامی جمہوریہ پاکستان کی صحافتی تاریخ میں ایک تابندہ نام جناب شورش کاشمیری کا ہے۔آغاعبدالکریم (۴۱اگست ۷۱۹۱تا۴۲اکتوبر ۵۷۹۱ء) شورش کاشمیری کے عہد ساز ادوار ِحیات میں سیاسی جدوجہد کا آغاز اٹھارہ برس کی عمر میں مسجد شہید گنج کانفرنس کے تاریخی خطاب سے ہوا۔۶۴۹۱ء میں آپ کو آ ل انڈیا مجلس ِاحرار ِاسلام کا سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا۔یکم جنوری۸۴۹۱ء سے آپ نے ہفت روزہ ’چٹان‘ کا اجرا کیا جو جلد ہی شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگا۔قائد ِعوام کے بقول؛ ” چٹان اور اس کے ایڈیٹر کا
نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔جرأت مندانہ صحافت پر شورش کو سیلیوٹ پیش کرتا ہوں۔ ذوالفقار علی بھٹو “ سیاسی جدوجہد میں بارہ سال پابند ِسلاسل رہے۔۳۵۹۱ء اور ۴۷/۳۷۹۱ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے عہد ِحکومت میں چلنے والی تحریک ِختم ِنبوت کا ہراول دستہ تھے۔آپ کے وصال پرملا ل پر پاکستان کے ممتاز رزمیہ شاعرجناب سید مشیر حسین کاظمی (تمغہ ہلال ِاستقلال وشاعر ِپاکستان از فیلڈ مارشل ایوب خان)نے آپ کا سفر آخرت نظم کیا۔
اِک مسافر تھا کچھ دیر ٹھہرایہاں اپنی منز ل کو آخر روانہ ہوا
بات کل کی ہے محسوس ہوتا ہے یوں جیسے بچھڑے ہوئے اِک زمانہ ہوا
آہ! کل تک تھا جو رونق ِزندگی آج شہر خموشاں کی زینت بنا
جرأتوں کا خودی کا دیا بجھ گیا کاروان ِصحافت خطابت اٹھا
زندگی سے خفا ہوکے وہ چل دیا جیتے جی جو کسی سے خفا نہ ہوا
محفلوں کا جو نوشہ تھاوا حسرتا! قبر کا اُس کو دولہا بنایاگیا
ایک ماتم بپا ہو گیا ہر طرف رخ سے جب اُس کے سہرا اٹھایاگیا
دشت ودر رودیے،بحر وبر رودیے چڑھ کے کاندھوں پہ جب وہ روانہ ہوا
وہ جلوسوں کی صورت میں گزرا جہاں ان ہی رستوں سے اُس کا جنازہ چلا
آگے آگے مسافر کی بارات تھی پیچھے پیچھے زمانہ تھا روتا چلا
ایک شورش تھا اور گھر سے ایسے چلا شہر کا شہر جیسے روانہ ہوا
لوگ شورش کے کتنے وفادار تھے آہ! کیسی وہ اس سے وفا کر گئے
عمر بھر جن سے اُس کی رفاقت رہی ڈھیروں مٹی کے نیچے دبا کر گئے
دوست آنسو بہاتے گئے قبر تک ساتھ اُس کے نہ کوئی روانہ ہوا
جب اتارا لحد میں کہا کان میں اب ہماری گلی میں نہ آنا کبھی
روز ِمحشر ہی شورش ملیں گے تمہیں حشر تک اب یہ لب نہ ہلاناکبھی
یہ سخن سن کے وہ چپ کا چپ رہ گیا ایک جملہ بھی اس سے ادا نہ ہوا
جسم مٹی سے ڈھانپااٹھے چل دیے دو قدم پر رکے فاتحہ کے لیے
آئی اس کی لحد سے صدا دوستو! آپ آئیں گے پھر کب دعا کے لیے؟
سب نے مل کر کہا جب بھی فرصت ملی یا کوئی جب یہاں سے روانہ ہوا
تازہ وارد ہے شور ش ابھی قبر میں گھر نیا ہے طبیعت پریشان ہے
گو حمیدؔ۱ اور حسرتؔ ۲بھی پہلو میں ہیں پھر بھی شورش کو حسرت ہے ارمان ہے
کیوں نہ یہ دم مدینے میں نکلا میرا کیوں نہ یثرب میں میرا ٹھکانہ ہوا
کلمہ پڑھ کر کہا تھا دم ِآخریں ر ہنا شاہد ہے شورش غلام ِنبی ؐ
میرے رستے سے ہٹ جاؤ چارہ گرو خلد سے آگیا ہے پیام ِنبی ؐ
جارہاہوں بلایا ہے سرکار ؐنے موت کا تو فقط اِک بہانہ ہوا
قبر میں آکے جس دم نکیرین نے دیکھی فہرست شورش کے اعمال کی
فتح ختم ِنبوت کے عنوان سے تھی سند اُس کے تابندہ افعال کی
رحمتوں کے ہنڈولے اترنے لگے باغ ِجنت کو شورش روانہ ہوا
اے مشیر ِحزیں آج شورش نہیں اس کا پیغام پڑھ کر سنا دے یہاں
جینے والو جیو مثل ِشورش جیو مثل ِشورش بیاں مثل ِشورش زباں
مثل ِشورش ہی شورش ہو شورش بپا دے کے پیغام شورش روانہ ہوا
۱۔ حمید نظامی ۲۔ چراغ حسن حسرت

آغا عبدالکریم شورش کاشمیری: امیر شریعت عطاء اللہ شاہ بخاری اور بابائے صحافت مولاناظفر علی خان جیسے اجل قومی رہنماؤں کے مصاحب جامع الصفات
جناب ِشورش کاشمیری ماضی قریب کے مقتدر سیاسی قائدین،متبحر علمائے دین،سماجی عمائد وملی اکابر میں سے ہیں جنہوں نے نصف صدی تک خدمت ِدین وملت
میں دقیقہ فروگذاشت نہ کیا۔لفظوں کی روانی اور جملوں کی ضوفشانی سے اہل ِفکر ونظر کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے شورش کاشمیری بولتے تھے تو موتی رولتے تھے۔
یہاں اس مے کدے میں پھول برساؤ تو اچھا ہے چمن والو کوئی تازہ غزل گاؤ تو اچھا ہے
نسیم ِصبح گاہی سے پیام ِدلکشی لے کر صبا کے شبنمی شانوں پہ لہراؤ تو اچھا ہے
زمانہ انقلابی ولولوں کی راہ تکتا ہے پھریروں کی اڑانوں میں سما جاؤ تو اچھا ہے شورش ؔ
آپ کی تقریر سن کر اور تحریر پڑھ کر بوڑھے جوان ہو جاتے تھے۔سوز ِاقبال، ساز ِرومی،ظفر علی خان کا نعرۂ رستہ خیز،محمد علی جو ہر کی دانش مندی،ابوالکلام آزاد کی علمیت،غالب کی نقطہ آرائی اور عطاء اللہ شاہ بخاری کی شعلہ نوائی نے شور ش میں معرکہ آرائی اور قلم میں جولانیاں عطا کیں اور فکر ونظر کو جلا بخشی۔
افق کی سرخ قبا سے سراغ ملتا ہے ہمارا خون ستاروں میں جگمگائے گا
ہمارے بعد کہاں یہ وفا کے ہنگامے کوئی کہاں سے ہمارا جواب لائے گا شورش ؔ
پاکستان کی آئین سازی،جمہوری اقدار کے احیا،مارشل لاء کے خلاف تحریک آپ کے عہد ساز،عہد پرور،عہد آفریں یا عہد ِشورش کی عکاس ہے۔بلند پایہ نثر نگار،ادیب وشاعر،بے باک صحافی،سیاسی رمز شناس اور سب سے بڑھ کر سچے عاشق ِرسول اور محب وطن رہبر؛
تھا جس کا قلم نیزہ وشمشیر سے بڑھ کر تعمیر ِشریعت کا نگہبان تھا شورش
وہ عصمت ِپیغمبر آخر کا محافظ اک ِصاحب ِدل،صاحب ِعرفان تھا شورش
مولاناظفرعلی خان نے عطاء اللہ شاہ بخاری کے بارے میں کہاتھا؛کانوں میں گونجتے ہیں بخاری کے زمزمے،بلبل چہک رہا ہے ریاض ِرسول ؐمیں۔رئیس ِاحرارعطاء اللہ
شاہ بخاری شورش کاشمیر ی کا خطاب سن کر کہتے کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ گویا بوڑھا عطاء اللہ شاہ جوان ہوگیاہے۔جرأت وبے باکی،استبداد واقتدار سے نبردآزمائی
کا دوسرا نام شورش کاشمیری ہے۔
مجھ کو ڈرا رہے ہو عزیزان ِمحترم؟ میرا وجود تم سے مٹایا نہ جائے گا
جز آستان ِخواجہ ء کونین بخدا یہ سر کسی بھی در پہ جھکایا نہ جائے گا
میر ووزیر ہیچ ہیں میری نگاہ میں مجھ سے کوئی قصیدہ سنایا نہ جائے گا
خوف ِخدا سے بغض وعداوت کے باوجود خوف ِخدا دلوں سے اٹھایا نہ جائے گا
مغضوب ِقادیاں کے خوارج کی ڈار کو اسلام کی زمیں میں بسایا نہ جائے گا
ربوہ کے خوردہ گیر ہیں اسلام کے یہود یہ ملک اسرائیل بنایا نہ جائے گا
شورش میرے قلم کے سوا اہل ِبزم میں اب اور کوئی رنگ جمایا نہ جائے گا شورش ؔ
ابتدامیں الفت تخلص کیا لیکن بعد ازاں شورش بپا کردینے کے باعث شورش متخلص ہوئے۔مولاناظفر علی خان نے جناب ِشورش کاشمیری کے Militant Journalismجنگجویانہ اسلوب ِصحافت سے متاثر ہوکر کہا؛شورش سے میرا رشتہ ہے اور وہ ازلی ہے،میں وقت کا رستم ہوں تو وہ ثانی ئسہراب۔ آغاشورش نے
معاصرین سے مل کرجناب مجیدنظامی کی زیر ِصدارت مجلس ِاقبال قائم کی اور علامہ اقبال کے فکر وفلسفہ کی ترویج میں کوشاں رہے۔علی گڑھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر
پروفیسر رشید احمدصدیقی معترف تھے؛ ”پنجاب کوناز کرناچاہئے کہ اُس نے اقبال ہی نہیں شورش کو بھی پیدا کیا ہے۔اردو زبان ہماری ہے لیکن اس پر حکمرانی دوپنجابیوں نے کی۔“
“Abdul Karim Shorish, widely known as Agha Shorish Kashmiri was a stunner. He was a true soldier who spent all his life for the cause of Khatam e Nabuwwat. He was a phenomenal orator which Pakistan can’t effectuate again. Shorish was also known as the brave political activist whose audacity was incomparable. He was an exemplary journalist who wasn’t aghast of raising his voice against injustice and corruption. Agha Shorish Kashmiri was an admirable extremist. Shorish was nicknamed as the “Heroic son of the world of Journalism.” Futhermore, his newspaper, Chattan brought a rebellious change in Pakistan. Today, many years passed but Shorish’s articles and books are still being read by a huge population of people around the
world. Agha shorish Kashmiri was an asset to our nation. ”Makhdoom Ali Abbas Shah
ہرحال میں ہردور میں تابندہ رہوں گا میں زندہ وجاویدہوں پائندہ رہوں گا
تاریخ میرے نام کی تعظیم کرے گی تاریخ کے اوراق میں آئندہ رہوں گا شورشؔ

شاعراستقلال سید مشیر حسین کاظمی: تاریخ عالم میں رزمیہ شاعری ہر دور میں منفرد اہمیت رکھتی ہے۔بارہ سو سال قبل مسیح کی ٹرائے کارزم نگار ہومر یونانی ہو یا فردوس ِگم گشتہ کا ملٹن،مہابھارت اور رامائن کی رزمیہ نظمیں ہوں یا شاہنامہ عجم کا فردوسی،شاہنامہ اسلام کے حفیظ جالندھری ہوں یاعہد ِحاضرکے مشیر کاظمی ان رزم نگاروں کی خامہ فرسائی نے ملی تہذیب وتشخص کوجریدہ عالم پہ دوام بخش کر آنے والی نسلوں کو قوم کے محسنوں سے روشناس کرواتے اُن کے پس ِپردہ محرکات اور تاریخ و معاشرت پہ گہرے اثرات سے روشناس کروایاہے۔تاریخ شبہ قارہ پہ عرب و عجم کے گہرے اثرات اور بکثرت امتزاج نے کرہئ ارضی پہ ایک نئی ثقافت کو روشناس کروایا جس میں عرب کی حمیت اور عجم کی شگفتہ ملاحت نواریزہے۔ عرب وعجم، ماوراء النہر اور ہندوستانی تمدن کے اختلاط نے جہاں اردو زبان کو آفاقیت عطا کی ہے وہیں عرب خون اور عجم مزاج رکھنے والے شعراء نے بھی دبستان اردو کو اپنے مقدس افکارسے سینچا ہے جس میں میر انیس،رئیس امروہوی اور دیگر شعراء رزمیہ شاعری میں حماسہ حسینی اور رثائے آل عبا سے اہلیان ِبرصغیر کو منور کرتے دکھلائی دیتے ہیں۔اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام کے ساتھ ہی اساسی نظریات کا پرچار کرنے والی گرجدار آواز جس میں مندرجہ بالا خصائل وکمالات یکجا تھے جناب مشیر حسین کاظمی کی صورت میں صداوسیمائے پاکستان پہ سنی گئی جس نے ۷۴۹۱ء سے لے کر دم تحریر رزمیہ اشعارمیں قومی وقاراور ملی افتخارکا بھرپور پرچار کیا اور ارض ِ پاک کے ثقافتی ورثے کو اپنے مترنم افکار اور مدھر خیالات سے جاودانی عطا کرنے میں اہم کردار سرانجام دیا۔
شہدائے پاکستان کے تذکرے میں وفا کی تصویریں ہوں یا ارض ِپاک کی چاندنی راتیں،دما دم مست قلندر علی دم دم دے اندر کاصداکار مشیر کاظمی لعل میری پت رکھیوبلا جھولے لالن جہاں ملکہ ترنم کو ترنم عطا کررہا ہے وہیں آنے والی نسلوں کوپاکستان کی نظریاتی اساس سے روشناس کرواتے علی دا پہلا نمبر کی قلندرانہ شان بھی دکھلارہاہے جس کے اعتراف میں صدر ِپاکستان فیلڈ مارشل ایوب خان نے آپ کو تمغہ ہلال ِاستقلال اور شاعر پاکستان کے صدارتی اعزازات سے نوازا۔
سید مشیر حسین کاظمی علمی حلقوں میں ایک رزمیہ ملی شاعر جانے جاتے ہیں۔آپ کی رگوں میں باب الحوائج سیدنا امام موسیٰ کاظم کے فرزند ہارون ِولایت کا خون موجزن تھا جس نے ولائے علی، حماسہ حسینی، رثائے کرب وبلااور انوار ِ مصطفٰی کے سائے میں حب الوطنی کے چشمے سے قوم کے بچے بچے کو سیراب کردیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY