پیمرا نے تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے انٹرویو کو نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ پیمرا کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان نے ہزاروں پاکستانیوں کو شہید کیا اور احسان اللہ احسان نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کی اس لیے کسی بھی پلیٹ فارم پر اس کا انٹرویو دکھانا ان پاکستانیوں کی دل آزاری کا باعث بنے گا۔
پیمرا نے واضح کیا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے منظور کردہ ضابطہ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا کی شق 3(3) کے مطابق کسی کالعدم تنظیم، اس کے نمائندوں یا ارکان کے بیانات نشر نہیں کیے جا سکتے، تاہم کسی بھی پروگرام میں دہشت گرد کے اعترافی بیان کا وہ حصہ نشر کیا جا سکتا ہے جس میں مذہب کے غلط استعمال اور غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ تعلقات کا اعتراف ہو۔ ضابطہ اخلاق کی مندرجہ بالا شق کے تحت دہشت گرد کا تحقیقاتی اداروں کو دیا گیا اعترافی بیان پہلے ہی تمام ٹی وی چینلز پر چل چکا ہے۔













