افغانستان میں نیٹو فوجیوں کی تعداد میں اضافہ متوقع

0
837

نیٹو کے سیکرٹری جنرل ینز اسٹو لٹنبرگ نے کہا ہے کہ مغربی عسکری اتحاد اس بارے میں فیصلہ کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے کہ افغانستان میں داعش کے خلاف لڑائی میں مدد دینے کے لیے وہ اس ملک میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کرے یا نہیں۔

انھوں نے یہ بات جرمن اخبار ‘فیلت ام سونتاگ’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی جو اتوار کو شائع ہوا۔

اسٹولٹنبرگ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کی صورتحال کے تناظر میں نیٹو افغانستان میں اپنے فوجیوں کی موجودہ 13000 اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کر سکتا ہے، تاہم انھوں نے یہ تفصیل فراہم نہیں کی کہ یہ تعداد کس حد تک بڑھائی جائے گی۔

اسٹولٹنبرگ نے مزید کہا کہ اتحاد اس بارے میں جون تک فیصلہ کر سکتا ہے جب کہ اس بارے میں بھی تعین کیا جائے گا کہ افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں اضافہ کیا جائے، فی الحال یہ مدت ایک سال ہے۔

افغانستان میں نیٹو کے فوجی ‘ریزولیوٹ اسپوٹ مشن’ کا حصہ ہیں جو مقامی فورسز کو تربیت، معاونت اور مشاورت کے لیے یہاں موجود ہے۔

افغانستان میں غیر ملکی افواج کے امریکی سربراہ جنرل جان نکلسن نے فروری میں امریکی کانگریس کو بتایا تھا کہ افغانستان کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے “چند ہزار فوجیوں” کی کمی کا سامنا ہے۔

امریکہ کی زیر قیادت اتحادی افواج 16 سال قبل افغانستان آئی تھیں اور یہاں طالبان کو اقتدار سے بے دخل کر دیا تھا۔

تاہم 2014ء کے اواخر میں نیٹو کے لڑاکا مشن کے اختتام پر بین الاقوامی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

افغانستان کو طالبان کے علاوہ شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجوؤں سے بھی خطرہ لاحق ہے جنہوں نے خاص طور پر ملک کے مشرقی حصے میں اپنے قدم جما رکھے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY