وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری اور اداروں کی جانب سے 9 ارب ڈالر سے زائد رقم متاثرین کی بحالی میں غیبی مدد سے کم نہیں۔
وزیر اعظم نے جنیوا میں سیلاب متاثرین کے لئے منعقد کی گئی بین الاقوامی کانفرنس کے بعد منگل 10 جنوری کو پاکستانی وفد کے ارکان سے خطاب کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور اداروں کی جانب سے 9 ارب ڈالر سے زائد رقم متاثرین کی بحالی میں غیبی مدد سے کم نہیں، جس پر تمام عالمی پارٹنرز بالخصوص سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی رقم ملنا اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے، یہ تمام اکائیوں، عوام کے اتحاد اور ٹیم ورک کی کامیابی ہے، اسی جذبے سے ہم پاکستان اور عوام کو مشکلات سے نکالیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ امانت کو دیانتداری، شفافیت اور تھرڈپارٹی آڈٹ سے حقداروں تک پہنچائیں گے۔
کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر انہوں نے وزرا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں وزارت خارجہ نے کانفرنس کے مقاصد کے حصول میں نہایت متحرک اور قابل تحسین کردار ادا کیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انتھک محنت پر وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے کانفرنس میں موجود شرکا کو پاکستان کو درپیش مالی مشکلات سے آگاہ کیا۔ اسحاق ڈار نے بحالی کیلئے درکار وسائل کی فراہمی اور عالمی مالیاتی اداروں کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے دیگر وزرا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شیری رحمان، سردار ایاز صادق، حنا ربانی کھر اور مریم اورنگزیب کو بہترین کاوشوں پر شاباش، احسن اقبال نے صوبوں کی مشاورت سے تیار کردہ 4 آر ایف کی جامع دستاویز تیار کیں، جس کی وجہ سے یہ رقوم پاکستان کو ملنا ممکن ہوسکیں، اس دستاویز میں نقصانات اور بحالی کے لئے مستقبل کا خاکہ دیا گیا ہے۔
…………………..
سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں پاکستان کو کس ملک نے کتنی امداد دینے کا اعلان کیا اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تفصیلات جاری کردی ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پہلے پلینری سیشن میں پاکستان کیلئے مجموعی طور پر 8 ارب 57 کروڑ ڈالر کے وعدےکیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 4 ارب 20کروڑ دینے کا اعلان کیا ہے، ورلڈ بینک کی طرف سے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر کا وعدہ کیا گیا ہے ۔
وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کیلئے ایک ارب ڈالرکا اعلان کیاہے، سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کا اعلان بحالی کے کام میں تعاون کیلئے کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 1.5 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے، یورپی یونین نے 9کروڑ 30 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا، جرمنی نے8 کروڑ 80 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ چین نے 10 کروڑ ڈالر کا اعلان کیا، جاپان نے پاکستان کیلئے 7کروڑ 70 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا جبکہ یو ایس ایڈ نے 10 کروڑ ڈالر اور فرانس نے 34کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تعمیر نو کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جانی چاہیے، پاکستان موسمیاتی تباہی، عالمی مالیاتی نظام کے دیوالیہ پن کا ایک ساتھ شکار ہوا— فوٹو: اے ایف پی
خیال رہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے جنیوا میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تعمیر نو کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جانی چاہیے، پاکستان موسمیاتی تباہی، عالمی مالیاتی نظام کے دیوالیہ پن کا ایک ساتھ شکار ہوا، انفرا اسٹرکچرکی بحالی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیرممالک کیلئے قرضوں سے نجات، مالی امداد تک رسائی کیلئے مزید طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کو 3سال کی مدت میں 16 ارب ڈالرز سے زائد کی امداد درکار ہوگی، ترقی یافتہ ممالک کو مزید مالی مدد کرنی چاہیے۔
انتونیو گوتریس کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ملنے والی امداد کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائےگا، تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں۔













